ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی نامہ نگار، احسان اللہ ایاز) پنجاب حکومت کے فلاحی منصوبے کلینک آن وہیلز میں ڈرائیورز اجرت کے سنگین مسئلے سے دوچار ہیں۔ ضلع بھر میں تعینات 12 ڈرائیورز کو صرف 25 ہزار روپے ماہانہ تنخواہ دی جا رہی ہے، حالانکہ حکومت پنجاب کے نوٹیفکیشن کے مطابق کم از کم اجرت 40 ہزار روپے مقرر ہے۔
ضلعی ذرائع کے مطابق ان میں سے 6 ڈرائیور ننکانہ صاحب، 3 شاہ کوٹ اور 3 سانگلہ ہل میں ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں۔ ڈرائیورز نے میڈیا سے گفتگو میں شکوہ کیا کہ مہنگائی کے دور میں 25 ہزار روپے پر گزارا ناممکن ہے اور سرکاری فلاحی منصوبے میں اتنی بڑی ناانصافی سمجھ سے بالاتر ہے۔
ڈرائیورز نے کہا کہ اگر حکومت خود اپنے جاری کردہ نوٹیفکیشن پر عمل درآمد نہیں کرتی تو دیگر اداروں سے کیا توقع رکھی جا سکتی ہے؟ ان کے مطابق کم از کم اجرت کے برخلاف تنخواہیں دینا نہ صرف قانونی خلاف ورزی ہے بلکہ کھلا استحصال ہے۔

انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر اور سیکرٹری ہیلتھ پنجاب نادیہ ثاقب سے فوری نوٹس لینے اور سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق تنخواہیں دلوانے کا مطالبہ کیا ہے۔








