چترال:شدید برف باری سے بند سڑکیں محکمہ مواصلات نے ٹریفک کیلئے کھول دیں

چترال،باغی ٹی وی (گل حماد فاروقی کی رپورٹ)شدید برف باری سے بند سڑکیں محکمہ مواصلات نے ٹریفک کیلئے کھول دیں

حالیہ شدید برف باری کے باعث چترال میں وادی بمبوریت، رمبور، ارسون، شیشی کوہ، جنجیریت کوہ، بیوڑی اور دیگر علاقوں کے راستے ہر قسم کے ٹریفک کیلیے بند ہوگئے تھے۔

پشاور چترال مین شاہراہ اور بازار کے اندر سڑکوں سے این ایچ اے کے مشینری نے برف صاف کردی ہے جب کہ دیگر وادیوں سے محکمہ سی اینڈ ڈبلیو یعنی کمیونیکیشن اینڈ ورکس برف صاف کررہی ہے۔

محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کے ایگزیکٹیو انجنیر طارق مرتضےِ اور ایس ڈی او دروش وقار خان کے ہدایت پر دروش کنسٹرکشن کمپنی کے ٹھیکدار حیدر علی نے وادی بمبوریت کا راستہ انیش تک، رمبور کا سڑک پوندک تک جبکہ شیشی کوہ کا راستہ پتی گال تک کھول دیا۔ تاہم شیشی کوہ سڑک پر مسلسل برفانی اور مٹی کے تودے گرنے کے ساتھ ساتھ بڑے بڑے پتھر گرنے سے صفائی کے کام میں رکاوٹ پیدا ہورہی ہے۔

متعلقہ کمپنی کے اہلکاروں نے دن رات محنت کرکے وادی ارسون، جنجیریت کوہ اور بیوڑی کا راستہ ہر قسم ٹریفک کیلئے کھول دیاہے، مقامی لوگوں کے مطابق وادی کیلاش کی سڑکیں نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے پاس ہیں مگر ان سڑکوں سے برف محکمہ سی اینڈ ڈبلیو صاف کروارہی ہے۔

اس وقت گرم چشمہ، وادی کریم آباد، سوسوم ، مڈگلشٹ وغیرہ کی سڑکیں تاحال بند ہیں۔تاہم محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کی مشینری مسلسل کام کررہی ہے امید ہے کہ بہت جلد وادی شیشی کوہ کا راستہ مکمل طور پر ہر قسم کے ٹریفک کیلئے کھول دیا جاے گا جس سے عوام کی مشکلات میں کمی آئےگی۔

محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کے ایک اہلکار نے نام نہ بتانے کی شرط پر انکشاف کیا کہ ان کو پچھلے سال صفائی کی رقم بھی نہیں ملی ہے اور وہ ٹھیکیداروں سے اپنے ذاتی اثر رسوح کے بنیاد پر کام کروارہے ہیں۔

Leave a reply