پشاور: وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا، علی امین گنڈاپور کی تصویر سرکاری اشتہار میں لگانے پر صوبائی محکمہ اطلاعات کے سیکرٹری ارشد خان کو عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔ اس حوالے سے وزیرِ اعلیٰ سیکرٹریٹ نے خیبر پختونخوا کے چیف سیکرٹری کو ایک خط لکھا جس میں حکومتی اشتہارات میں سیاسی شخصیات کی تصاویر شامل کرنے کی پالیسی کی خلاف ورزی کی گئی تھی۔
خط میں کہا گیا ہے کہ حکومتی اشتہارات عوامی آگاہی، تعلیمی مقاصد اور دیگر مفاد عامہ کے لیے ہوتے ہیں، جن میں سیاسی شخصیات کی تصاویر شامل کرنا نہ صرف غیر ضروری ہے بلکہ پالیسی کے خلاف بھی ہے۔ وزیرِ اعلیٰ نے اس معاملے پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے محکمہ اطلاعات کے سیکرٹری ارشد خان کے خلاف فوری کارروائی کی ہدایت کی۔وزیرِ اعلیٰ سیکرٹریٹ نے واضح کیا کہ 72 گھنٹوں کے اندر ذمہ داروں کا تعین کرکے رپورٹ پیش کی جائے، تاکہ اس قسم کی خلاف ورزی کا دوبارہ تدارک کیا جا سکے۔
ذرائع کے مطابق وزیرِ اعلیٰ کی تصویر اشتہار میں لگانے پر محکمہ اطلاعات کے سیکرٹری ارشد خان کو عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔ انہیں اسٹیبلشمنٹ ڈپارٹمنٹ رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
دوسری جانب سیکرٹری اطلاعات ارشد خان نے اپنے مؤقف میں کہا ہے کہ وزیرِ اعلیٰ کی تصویر غلطی سے اخبار میں شائع ہوئی تھی اور یہ کسی بھی جان بوجھ کر کی گئی کارروائی کا نتیجہ نہیں تھا۔