پشاور: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل خان آفریدی نے صوبائی دارالحکومت پشاور کی ترقی کے لیے اہم اور بڑے فیصلوں کا اعلان کردیا۔ 7 دسمبر کو پشاور میں بڑے عوامی جلسے کے انعقاد کے ساتھ ساتھ شہر کے 100 ارب روپے کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے گرینڈ میٹنگ طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیراعلیٰ سہیل خان آفریدی کی زیر صدارت پشاور کے پارلیمنٹرینز کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں موجودہ و سابق اراکین اسمبلی، پشاور کے منتخب نمائندگان اور سینئر سیاسی قیادت نے بھرپور شرکت کی۔ اجلاس میں شہر کے ترقیاتی وژن، مسائل اور مستقبل کی حکمتِ عملی پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔اجلاس کے دوران 7 دسمبر کو پشاور میں ایک بڑے عوامی جلسے کے انعقاد کا متفقہ فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ "پشاور ہماری شناخت، ہمارا چہرہ اور صوبے کا دل ہے۔ اس کی عظمتِ رفتہ کی بحالی کے لیے ہم ہر ممکن قدم اٹھائیں گے۔””شہر کے میگا پروجیکٹس، انفراسٹرکچر کی بحالی، ٹریفک مینجمنٹ، صفائی، خوبصورتی اور عوامی سہولیات کے تمام منصوبوں میں تیزی لائی جائے گی۔”

انہوں نے مزید کہا کہ پشاور کی ترقی کے لیے 100 ارب روپے پر مشتمل میگا ڈویلپمنٹ پلان تیار کیا جارہا ہے، جس کے لیے آئندہ ہفتے ایک گرینڈ میٹنگ طلب کی جائے گی جس میں تمام متعلقہ اداروں، ماہرین، منتخب نمائندوں اور انتظامیہ کو مدعو کیا جائے گا۔سہیل آفریدی نے زور دیا کہ حکومت پشاور کے دیرینہ مسائل کے حل اور شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے سنجیدہ اور پرعزم ہے۔ یہ منصوبے نہ صرف پشاور کا انفراسٹرکچر جدید بنائیں گے بلکہ روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا کریں گے۔

Shares: