وزیر اعلی خیبرپختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور نے نوشہرہ کے علاقے جلوزئی کا دورہ کیا اور نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کے تحت ایک اہم کم لاگت ہاؤسنگ سکیم کا افتتاح کیا۔ اس منصوبے کا مقصد صوبے میں کم آمدنی والے افراد کو معیاری رہائش فراہم کرنا ہے۔ یہ منصوبہ 150 کنال رقبے پر محیط ہے اور اس پر کل لاگت کا تخمینہ 3300 ملین روپے لگایا گیا ہے۔ اس سکیم کے تحت 1320 کم لاگت اپارٹمنٹس تعمیر کیے جائیں گے، جن میں ہر اپارٹمنٹ کا کورڈ ایریا 780 مربع فٹ ہے۔ خیبر پختونخوا اسمبلی کے ذرائع نے بتایا کہ اس سکیم سے وہ افراد فائدہ اٹھا سکتے ہیں جن کی ماہانہ آمدنی 50 ہزار روپے سے کم ہے۔ مزید برآں، ہر اپارٹمنٹ پر وفاقی حکومت کی جانب سے 3 لاکھ روپے جبکہ صوبائی حکومت کی طرف سے 4 لاکھ روپے کی سبسڈی دی گئی ہے تاکہ کم آمدنی والے افراد اس سکیم سے مستفید ہو سکیں۔
وزیر اعلیٰ سردار علی امین خان گنڈاپور نے اپنے خطاب میں کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح عوام کو ان کی بنیادی ضروریات فراہم کرنا ہے، اور یہ کم لاگت ہاؤسنگ سکیم اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے منصوبے نہ صرف رہائش کے مسائل حل کریں گے بلکہ صوبے کی مجموعی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کریں گے۔اس کے علاوہ، وزیر اعلیٰ نے جلوزئی ہاؤسنگ سکیم میں سپورٹس کمپلیکس کے منصوبے کا بھی سنگ بنیاد رکھا، جس پر 17 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔ سپورٹس کمپلیکس میں سکواش کورٹ، فٹ سال گراؤنڈ، مصنوعی ٹینس اور باسکٹ بال کورٹس شامل ہوں گی۔ اس کے علاوہ، 500 میٹر طویل جاگنگ ٹریک بھی اس کمپلیکس کا حصہ ہے۔ کھیلوں کے شوقین افراد کے لیے 8 کنال رقبہ مختص کیا گیا ہے، جبکہ سینٹرل پارک کا کل رقبہ 42 کنال ہے جو کہ عوام کو تفریحی سہولتیں فراہم کرے گا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس کمپلیکس کا قیام نوجوانوں کو کھیلوں کی طرف راغب کرنے اور ان کے جسمانی اور ذہنی نشوونما کے لیے ضروری ہے۔جلوزئی میں اس قسم کے منصوبوں سے نہ صرف مقامی آبادی مستفید ہو گی بلکہ یہ صوبے کے دیگر اضلاع کے لیے بھی ایک ماڈل ثابت ہوں گے۔

Shares: