وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی جیل خانہ جات کے گھر پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کر دی۔ یہ واقعہ گزشتہ رات پیش آیا، جس میں سیکیورٹی اہلکاروں کی بروقت کارروائی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی جیل خانہ جات ہمایون خان کے گھر پر نامعلوم افراد نے اچانک فائرنگ شروع کر دی۔ گھر میں تعینات سیکیورٹی اہلکاروں نے فوری طور پر جوابی فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں حملہ آور فرار ہو گئے۔پولیس نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور حملہ آوروں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ پولیس حکام کے مطابق، واقعے کے بعد علاقے میں بھاری نفری تعینات کی گئی ہے تاکہ حملہ آوروں کو جلد گرفتار کیا جا سکے۔سیکیورٹی اداروں نے فائرنگ کے مقام سے شواہد اکٹھے کیے ہیں اور تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ اس حملے کے بعد سے علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔