فیصل آباد میں نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے کارروائی کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے خلاف سوشل میڈیا پر نازیبا اور غیر اخلاقی زبان استعمال کرنے والی ویڈیو اپ لوڈ کرنے کے الزام میں تین افراد کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان این سی سی آئی اے کے مطابق گرفتار ملزمان کا تعلق سرگودھا سے ہے، جنہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ایک ویڈیو شیئر کی تھی جس میں وزیر اعلیٰ پنجاب کے خلاف انتہائی نامناسب اور توہین آمیز زبان استعمال کی گئی تھی۔گرفتار ملزمان میں احد عباس، بدر زمان اور قاسم علی شامل ہیں،
بیان میں کہا گیا ہے کہ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے بعد ان کی سرگرمیوں پر نظر رکھی گئی اور جنرل بس اسٹینڈ پر موجودگی کی اطلاع ملنے پر فوری چھاپہ مار کر تینوں کو حراست میں لے لیا گیا۔ترجمان نے مزید بتایا کہ ملزمان کے موبائل فونز بھی ضبط کرلیے گئے ہیں تاکہ مزید شواہد حاصل کیے جا سکیں۔ اس حوالے سے تحقیقات جاری ہیں اور ایجنسی کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر کسی بھی قسم کی غیر اخلاقی یا توہین آمیز سرگرمی برداشت نہیں کی جائے گی۔