لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے آج لاہور میں "گرین پنجاب ایپ” اور "سموگ ہیلپ لائن 1373” کا افتتاح کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ "ہمیں بھارت کے ساتھ کلائمیٹ ڈپلومیسی کرنی چاہیے” اور اس بات پر زور دیا کہ ماحولیاتی مسائل صرف پنجاب یا پاکستان تک محدود نہیں بلکہ یہ پوری قوم کے لئے ایک اہم چیلنج ہیں۔مریم نواز نے کہا کہ انہیں نوجوانوں کی فلاح و بہبود کے لئے اقدامات کرنے میں خوشی محسوس ہوتی ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ انٹرن شپ پروگرام کے تحت نوجوانوں کو ملنے والی وظیفہ 25 ہزار روپے سے بڑھا کر 60 ہزار روپے کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ 25 ہزار روپے کی رقم بچوں کے لئے ناکافی تھی، اسی لئے انہوں نے اس میں اضافہ کیا ہے۔ اس پروگرام کے تحت پورے پنجاب سے ایک ہزار انٹرنز کو شامل کیا گیا ہے، جن میں زیادہ تر نوجوان ہیں۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ انٹرن شپ کے بعد نوجوانوں کو ان کے اپنے شعبے میں نوکریاں فراہم کی جائیں گی۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ "پاکستان میں ماحولیات کے مسائل پر حکومتوں نے درست طریقے سے کام نہیں کیا”، اور اب جب یہ مسائل روزمرہ کی زندگی کو متاثر کر رہے ہیں، تو ہمیں ان کی اہمیت کا احساس ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ "اپنے ماحول کو بہتر بنانا ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے” اور یہ کہ ان کی حکومت نے ماحول کو بہتر بنانے کے لئے مختلف منصوبے شروع کئے ہیں۔ مریم نواز نے کہا کہ "جو طلبہ صوبائی حکومت اور نجی شعبے کے ساتھ کام کرنا چاہتے ہیں، ان کے لئے سہولت کاری کی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ سموگ کی وجہ سے سانس کی بیماریوں کا خطرہ بڑھتا ہے اور سموگ کے سبب سکول اور دفاتر بند کرنا پڑتے ہیں۔ مریم نواز نے اس بات پر زور دیا کہ "ہمیں بھارت کے ساتھ کلائمیٹ ڈپلومیسی کرنی چاہیے” کیونکہ انڈسٹری کی وجہ سے ایئر کوالٹی خراب ہو رہی ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ دسمبر میں 28 الیکٹرک بسیں لاہور میں متعارف کرائی جائیں گی اور بسوں کے الیکٹرک چارجنگ سٹیشن سولر پر تعمیر کئے جا رہے ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ "پنجاب حکومت روزانہ ایک نیا منصوبہ لانچ کرتی ہے” اور یہ کہ ان کی پوری کوشش ہے کہ ان منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے۔ انہوں نے اس بات کا ذکر کیا کہ "پنجاب حکومت کبھی عوام سے جھوٹے وعدے نہیں کرتی” اور ماحولیاتی مسائل کو بہتر بنانے کے لئے 25 کروڑ عوام کو اس مسئلے کا حصہ سمجھنا ہوگا۔
مریم نواز نے اپنی تقریر کے دوران اپوزیشن جماعتوں کو تنقید کا نشانہ بنایا، بغیر نام لئے کہا کہ "ان کو احتجاج کے لئے سرکاری لوگوں کو بلانا پڑتا ہے” اور یہ کہ "آپ کا ایجنڈا ملک میں افراتفری پھیلانا ہے۔” انہوں نے اس بات کا بھی ذکر کیا کہ "اسی افراتفری کے دوران اسلام آباد کا ایک جوان شہید ہو گیا” اور واضح کیا کہ سیاسی سموگ پھیلانے والوں کی کوششیں ناکام ہوئی ہیں۔ مریم نواز نے مریم اورنگزیب اور ان کی ٹیم کے کام کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ "جتنا میں ماحولیات پر کام کرنا چاہتی تھی اس سے زیادہ مریم اورنگزیب نے اس پر کام کیا ہے۔”

Shares: