پنجاب کی وزیراعلیٰ، مریم نوازشریف، اپنے اہم دورہ چین کے دوران گوانگ ژو پہنچ گئیں، جہاں ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔ اس دوران، گوانگ ژو کے وائس گورنر، مسٹر زینگ گوزی نے وزیراعلیٰ مریم نوازشریف سے ملاقات کی، جس میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات اور مشترکہ مفادات پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کے اعزاز میں گوانگ ژو کی انتظامیہ کی جانب سے ایک خصوصی سٹیٹ ڈنر کا اہتمام کیا گیا، جس میں مختلف شعبوں کے رہنماؤں اور حکام نے شرکت کی۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے گوانگ ژو کے وائس گورنر اور مقامی حکام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ "پنجاب کے وفد کی پزیرائی اور پرتپاک خیرمقدم ہمیشہ یاد رہے گا۔”انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین ایک دوسرے کے ساتھ اخلاص کی ڈوری میں بندھے ہوئے ہیں اور چین نے ہر تاریخی موڑ پر ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔ "پاکستان اور چین کے عوام بھی ایک دوسرے کے ساتھ مضبوط تعلقات میں جڑے ہیں، اور یہ دورہ چین ہمارے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم کرے گا۔”وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے اپنے خطاب میں یہ بھی کہا کہ "چین کا یہ دورہ میرے لیے بصیرت افروز ہے۔ مجھے یہاں بہت کچھ سیکھنے، جاننے اور دیکھنے کا موقع ملا ہے۔ مجھے یقین ہے کہ پنجاب کے عوام اس دورے کے ثمرات سے بھرپور فائدہ اٹھائیں گے۔”

دوسری جانب، گوانگ ژو کے وائس گورنر مسٹر زینگ گوزی نے وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کی آمد کو خوش بختی قرار دیتے ہوئے کہا کہ "عوام کی خدمت اور فلاح و بہبود کے لیے وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔” انہوں نے مزید کہا کہ گوانگ ژو اور پنجاب کے درمیان روابط کو مزید مستحکم کرنے کے لیے چین ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔یہ دورہ دونوں ملکوں کے درمیان اقتصادی، تجارتی اور ثقافتی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی ایک اہم کڑی ہے اور اس سے دونوں ممالک کے عوام کو بھی فائدہ پہنچے گا۔

Shares: