لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ رصحت کے شعبے میں مزید اصلاحات کے ذریعے عوام کو بہترسہولیات فراہم کی جائیں گی۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں بتایا کہ جب انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب کا منصب سنبھالا تو ایک انتہائی تکلیف دہ حقیقت سامنے آئی کہ پنجاب میں دل کے عارضے میں مبتلا بچوں کے آپریشن کے لیے برسوں پرانی ویٹنگ لسٹ موجود تھی، جس کے باعث کئی بچے تشویشناک حالت میں تھے اور تاخیر کے نتیجے میں قیمتی جانیں ضائع ہو رہی تھیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس سنگین صورتحال کے پیش نظر چیف منسٹر چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام کا آغاز کیا گیا تاکہ بچوں کو بروقت اور معیاری علاج کی سہولت فراہم کی جا سکے اس پروگرام کے تحت صرف چند ماہ کے دوران 9 ہزار سے زائد بچوں کے دل کے کامیاب آپریشن کیے جا چکے ہیں، یہ آپریشنز پنجاب کے سرکاری اور نجی اسپتالوں میں کیے گئے، جس سے علاج کی استعداد میں نمایاں اضافہ ہوا۔

انہوں نے بتایا کہ اس پروگرام کے نتیجے میں پنجاب میں اب دل کے عارضے میں مبتلا بچوں کے لئے کوئی ویٹنگ لسٹ موجود نہیں رہی جو ایک بڑی کامیابی ہے بچوں کی جانیں بچانا حکومت کی اولین ترجیح ہے اورصحت کے شعبے میں مزید اصلاحات کے ذریعے عوام کو بہترسہولیات فراہم کی جائیں گی۔

مریم نوازنے اس عزم کا اظہارکیا کہ صوبائی حکومت آئندہ بھی عوامی فلاح کے منصوبوں کوترجیح دے گی تاکہ ہر شہری کو بروقت اورمعیاری علاج میسرآ سکے۔

Shares: