وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لیڈی ایچیسن اور میو ہسپتال میں اپ گریڈڈ سہولیات کا افتتاح کیا

maryam

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لاہور کے دو بڑے ہسپتالوں میں اپ گریڈڈ سہولیات کا افتتاح کر دیا ہے۔ لیڈی ایچیسن ہسپتال میں اپ گریڈڈ او پی ڈی اور میو ہسپتال میں اپ گریڈڈ آئی وارڈ کا باقاعدہ افتتاح کیا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے لیڈی ایچیسن ہسپتال کی اپ گریڈڈ او پی ڈی بلاک کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے کنسلٹنٹ او پی ڈی، او پی ڈی، اینٹی نینٹل کلینک، نرسنگ آفس، اور ٹرائیج روم کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے وارڈ میں موجود زچہ و بچہ کی خیریت دریافت کی، ننھے بچوں کو پیار کیا اور درازی عمر کی دعائیں دیں۔ وزیراعلیٰ نے وارڈ میں موجود نومولود بچے کو گود میں اٹھا کر پیار کیا اور ایک مریضہ کے مسائل سنے۔ وزیراعلیٰ نے مریضہ کو تسلی دیتے ہوئے مسئلہ فوری حل کرنے کا حکم دیا۔ ڈاکٹروں اور نرسوں کی خواہش پر وزیراعلیٰ نے ان کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز میو ہسپتال کے آپتھلما لوجی وارڈ پہنچ گئیں اور اپ گریڈیشن پراجیکٹ کا افتتاح کیا۔ انہوں نے آپتھلما لوجی بلاک کے مختلف فلورز کا دورہ کیا، تعمیراتی کام کا جائزہ لیا، اور او پی ڈی، آپریشن تھیٹر، سی ایس ایس ڈی سٹرلائزیشن روم کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو سہیل اشرف نے اپ گریڈیشن پراجیکٹ کے حوالے سے بریفنگ دی۔وزیراعلیٰ مریم نواز کے ان دوروں کا مقصد صحت کی سہولیات کو بہتر بنانا اور عوام کو معیاری طبی خدمات فراہم کرنا ہے۔ ان اقدامات سے مریضوں کو بہتر علاج معالجہ اور ہسپتال کی سہولیات میں بہتری ملے گی۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر ہسپتال عملے کی محنت اور لگن کی تعریف کی اور انہیں مزید بہتر خدمات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

Comments are closed.