لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبہ بھر میں کرسمس کے موقع پر سکیورٹی انتظامات کو مزید مستحکم کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ کرسمس کے دوران گرجا گھروں میں ہونے والی دعائیہ تقریبات کی سکیورٹی کو مزید بہتر بنایا جائے اور اس سلسلے میں تمام ضلعی انتظامیہ اور پولیس افسران کو فعال کردار ادا کرنے کی ہدایت کی ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے گرجا گھروں میں پولیس اور دیگر سکیورٹی اہلکاروں کی نفری بڑھانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ یہ یقین دہانی کرائی جائے کہ کسی بھی قسم کی سکیورٹی کا خلا نہ ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ کرسمس کی تقریبات میں مسیحی برادری کے افراد کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہونی چاہیے۔مریم نواز نے یہ بھی کہا کہ کرسمس تقریبات کے دوران ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لئے ٹریفک مینجمنٹ بہتر بنایا جائے اور اس سلسلے میں متعلقہ حکام فوری طور پر اقدامات کریں تاکہ عوام کو کسی بھی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ ہو۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ پولیس میثاق سینٹر میں مسیحی برادری کے ساتھ کیک کاٹ کر اظہار یکجہتی کریں گے تاکہ یہ ثابت کیا جا سکے کہ پنجاب حکومت اپنے تمام شہریوں کے ساتھ ہے اور ان کی خوشیوں میں شریک ہے۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ سستے بازاروں میں مسیحی برادری کے افراد کے لئے خصوصی رعایت دی جائے تاکہ وہ اپنے تہواروں کی تیاری بہتر طریقے سے کر سکیں اور ان کے لئے ہر ممکنہ سہولت فراہم کی جا سکے۔مریم نواز نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ گرجا گھروں کے ارد گرد صفائی کا خصوصی انتظام کیا جائے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ ان مقامات پر صفائی ستھرائی کے تمام انتظامات بہترین ہوں۔انہوں نے کہا کہ "مسیحی بھائیوں کی سکیورٹی میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، اور ہم ان کے لئے ہر ممکن سہولت فراہم کریں گے تاکہ وہ اپنے مذہبی تہوار خوشی اور سکون کے ساتھ منا سکیں۔”

یہ تمام ہدایات وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی طرف سے مسیحی برادری کے ساتھ اظہار یکجہتی اور ان کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے دی گئی ہیں، تاکہ کرسمس کے موقع پر تمام شہری ایک محفوظ اور خوشگوار ماحول میں اپنے مذہبی اور ثقافتی تہوار منا سکیں۔

کراچی سے اسلام آباد،پی آئی اے پرواز میں فنی خرابی،ہنگامی لینڈنگ

لاہور ہائیکورٹ کادارالامان سے مرد ملازمین ہٹانے کا حکم

Shares: