سیالکوٹ (باغی ٹی وی بیوروچیف شاہد ریاض)وزیر اعلیٰ پنجاب کی فوکل پرسن برائے پولیو عظمیٰ کاردار نے اعلان کیا ہے کہ قومی انسداد پولیو مہم کے دوران ملک بھر میں 2 کروڑ 23 لاکھ بچوں کو پولیو کے حفاظتی قطرے پلائے جائیں گے، جس میں ضلع سیالکوٹ کے تقریباً 8 لاکھ بچے شامل ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بچوں کا مستقبل محفوظ بنانے کے لیے ہر بچے کو پولیو ویکسین پلانا انتہائی ضروری ہے۔
ڈی سی آفس سیالکوٹ میں گفتگو کرتے ہوئے عظمیٰ کاردار نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر سیالکوٹ میں جاری انسداد پولیو مہم کا تفصیلی جائزہ لیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پولیو مہم میں اب تک 90 فیصد ہدف حاصل کیا جا چکا ہے۔ عظمیٰ کاردار نے مزید بتایا کہ سیالکوٹ کی 148 یونین کونسلز میں پولیو مہم جاری ہے اور اب تک 4 لاکھ بچوں کو ان کے گھروں میں جا کر ویکسین دی جا چکی ہے۔
اجلاس کے دوران پولیو چیئرپرسن کو انسداد پولیو مہم کی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس مظفر مختار، ایس پی انویسٹی گیشن عثمان سیفی، اور ڈی ایچ او ڈاکٹر وسیم مرزا بھی موجود تھے۔ عظمیٰ کاردار نے والدین سے بھرپور تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے مربوط حکمت عملی اختیار کی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ رواں سال کی تیسری پولیو مہم 30 مئی تک جاری رہے گی۔
انہوں نے پولیو ٹیموں کی محنت اور والدین کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ سب کی مشترکہ کاوشوں سے پولیو کے خلاف مہم میں کامیابی حاصل ہو رہی ہے۔








