کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے حضرت لعل شہباز قلندر رحہ کی درگاہ پر حاضری دی اور وہاں چادر چڑھائی۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے درگاہ کے احاطے میں فاتحہ خوانی کی اور اللہ تعالیٰ سے دعا کی کہ سندھ اور پاکستان ہمیشہ سرسبز، شاد اور آباد رہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ "سندھ صوفیوں اور ولیوں کی سرزمین ہے اور حضرت لعل شہباز قلندرؒ کا 773 واں عرس مبارک عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے۔” انہوں نے مزید کہا کہ حضرت لعل شہباز قلندرؒ کی درگاہ امن اور روحانی روشنی کا مرکز ہے اور ان کا پیغام محبت، امن اور رواداری پر مبنی ہے۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سندھ حکومت صوفی روایتوں کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے اور ان روایات کو آئندہ نسلوں تک پہنچانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ "زائرین کی خدمت، سکیورٹی اور سہولت کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے، اور حکومت سندھ اس مقصد کے لیے ہر ممکن وسائل فراہم کرے گی۔”
وزیراعلیٰ سندھ نے حضرت لعل شہباز قلندرؒ کے سہ روزہ عرس مبارک کی اختتامی تقریب میں بھی شرکت کی۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ صوبائی وزراء ریاض شاہ شیرازی، ذوالفقار علی شاہ، مکیش کمار چاولہ اور دیگر حکومتی شخصیات بھی موجود تھیں۔وزیراعلیٰ سندھ کی حاضری کے دوران درگاہ کے اطراف میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے تاکہ زائرین کو کسی بھی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ ہو اور وہ پرامن ماحول میں عرس کی تقریبات میں شریک ہو سکیں۔