وزیراعلیٰ سندھ نے وزیراعظم کو خط لکھ کر بڑا مطالبہ کر دیا
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے وزیراعظم عمران خان کو خط لکھ دیا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت ٹڈی دل کے معاملے پر سنجیدگی کا مظاہرہ کرے۔
خط میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے مزید کہا ہے کہ سندھ میں فصل پر ٹڈیاں 15 مئی کے بعد بڑا حملہ کرسکتی ہیں، 6 مارچ کو صوبے میں اسپرے کے لیے وفاق سے درخواست کی تھی۔ یقین دہانی کے باوجود ٹڈی دل کے حملے روکنے کے لیے کوئی تعاون نہیں کیا گیا، جلد فصل پر اسپرے نہیں کیا گیا تو شدید نقصان ہوگا۔
وزیراعلیٰ سندھ کا مزید کہنا تھا کہ کہ ایف اے او کی رپورٹ کے مطابق ٹڈی دل کا حملہ گزشتہ سال سے زیادہ ہوگا لہٰذا وفاقی حکومت ٹڈی دل کے معاملے پر سنجیدگی کا مظاہرہ کرے۔ابھی تک نہ تو ایئرکرافٹ خریدے گئے نہ ہی سندھ اور بلوچستان میں اسپرے شروع ہوئی،سندھ حکومت نے وفاقی حکومت کو 6 ایئرکرافٹ اسپرے کیلئے مہیا کرنے کی درخواست کی تھی،اگر یہ مسئلہ حل نہیں کیا گیا تو ٹڈی دل اگلی فصلوں کو تباہ کردیں گی، جو ایک بھیانک صورتحال ہوگی،
دوسری جانب سندھ کے صوبائی وزیر زراعت کا کہنا ہے کہ ٹڈی دل کورونا سے زیادہ خطرناک ثابت ہوگا اور پاکستان قحط کی لپیٹ میں آجائےگا۔ سندھ کی فصلیں تباہ ہورہی ہیں، وفاق کورونا کیطرح ٹڈی دل کو بھی ہلکا لے رہا ہے.
قبل ازیں امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے سند ھ ،بلوچستان او ر پنجاب میں ٹڈی دل کے حملوں کے حولہ اسے سینیٹ میں قرار داد پیش کردی ہے ۔
ایک قرار داد میں کہا گیاہے کہ سینیٹ کا یہ ایوان صوبہ بلوچستان، سندھ کے بعد پنجاب کے جنوبی اضلاع میں فصلوں اور باغات پر ٹڈی دل کے تباہ کن حملوں کے نتیجے میں ہونے والے نقصانات اور وفاقی حکومت کی طرف سے بروقت امدادی کارروائیاں نہ کرنے پر انتہائی افسوس کا اظہار کرتا ہے اور متاثرہ کسانوں کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کرتا ہے۔
سینیٹ کا یہ ایوان وفاقی حکومت کو یاددہانی کراتا ہے کہ ٹڈی دل نے بلوچستان میں مارچ، اپریل 2019میں حملہ کیاوہاں نقصان کے بعد سندھ کے علاقوں خیرپور،مٹھی ،عمرکوٹ ،بدین ،نوشہروفیروز،کھپرو،سانگھڑ،ڈھرکی،پنوعاقل سمیت دیگر علاقوں میں نقصان کیا اورپھلتی پھولتی رہی اسکے بعدپنجاب کا رخ کیا اور صادق آباد،رحیم یار خان ،یزمان ،ہارون آباد ،بہاولنگر سمیت دیگر علاقوں میں اب تک حملہ آور ہے جس میں سرسوں ،کینولہ ،اسپغول ،چارہ جاتی فصلوں کا شدید نقصان ہوا ہے لیکن اس کو کنٹرول کرنے کے لیے وفاق نے محدود اقدام سمیت کوئی مضبوط منصوبہ بندی کے ساتھ کارروائی نہیں کی ۔
سینیٹ کا یہ ایوان وفاقی حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ ٹڈی دل سے متأثرہ علاقوں میں ہنگامی حالت کا اعلان کرے ۔بلوچستان ،سندھ اور پنجاب کے متاثرہ علاقوں کا سروے کرکے فوری طور پر تخمینہ لگائے ہوئے متعلقہ صوبائی حکومتوں کے ساتھ بھرپور کوآرڈی نیشن کے ذریعے فی الفور امدادی کارروائیوں کا آغاز کرے۔متأثرہ کسانوں کو نقصانات کا معاوضہ ادا کرنے کے لیے خصوصی پیکج کا اعلان کرے۔ٹڈی دل کے حملوں سے بچنے کے لیے موثر احتیاطی تدابیر کی جائیں