کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیرصدارت سندھ انرجی ہولڈنگ کمپنی (ایس ای ایچ سی) کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبے میں گیس کی پیداوار اور اس کی فراہمی سے متعلق مختلف مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ نے صوبے کی گیس پیداوار کی اہمیت اور اس کی درست فراہمی کے حوالے سے اہم نکات اٹھائے۔
وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ نے اس موقع پر کہا کہ سندھ گیس پیداوار میں ایک اہم اسٹیک ہولڈر ہے اور اس حوالے سے سندھ حکومت کا موقف مضبوط ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ تمام وفاقی پیٹرولیم کمپنیوں میں سندھ حکومت کی مناسب نمائندگی ہو تاکہ صوبے کے مفادات کو بہتر طریقے سے پیش کیا جا سکے۔انہوں نے وفاقی حکومت سے درخواست کی کہ تیل اور گیس کی دریافت اور پیداواری کمپنیوں کی جانب سے نجی فریقین کو 35 فیصد فروخت کے فریم ورک میں سندھ کی رائے کو شامل کیا جائے۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ یہ نہ صرف صوبے کے حقوق کی حفاظت کرے گا بلکہ عوام کے لیے بہتر نتائج بھی فراہم کرے گا۔
سید مراد علی شاہ نے گیس کی فراہمی میں کٹوتی کے حوالے سے بھی تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ سندھ میں واقع گیس فیلڈز سے پیدا ہونے والی گیس کی صوبے کو فراہمی میں جو کٹوتی کی جاتی ہے، اس کے اعدادوشمار بروقت شیئر کیے جائیں تاکہ معاملہ صاف اور شفاف ہو۔وزیراعلیٰ سندھ نے اس بات پر زور دیا کہ مقامی گیس چونکہ سستی ہے، اس لیے اس کی فراہمی میں کسی بھی قسم کی کٹوتی کر کے صوبے کے عوام کو محروم نہ کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ کے عوام کا حق ہے کہ وہ اپنے وسائل سے بھرپور استفادہ کریں اور ان کے مفادات کا تحفظ کیا جائے۔اس اجلاس میں سندھ انرجی ہولڈنگ کمپنی کے افسران اور متعلقہ حکام نے بھی اپنی رپورٹیں پیش کیں اور وزیراعلیٰ کی ہدایات کے مطابق اقدامات پر غور کیا گیا۔
جوڈیشل کمیشن نے پشاور ہائیکورٹ کے لیے 10 ایڈیشنل ججز کی منظوری دے دی
برہنہ ویڈیو لیک ہونے کے بعد ٹک ٹاکر امشا رحمان نے خاموشی توڑ دی