وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے سی ایم ایچ پشاور کا دورہ کیا اور شمالی وزیرستان میں حالیہ خودکش حملے میں زخمی ہونے والے سیکیورٹی اہلکاروں کی عیادت کی۔

دورے کے دوران وزیر اعلیٰ نے زیر علاج زخمی اہلکاروں سے فرداً فرداً ملاقات کی، انہیں گلدستے پیش کیے اور ان کی جلد صحتیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے دہشتگرد حملے میں شہید ہونے والے سیکیورٹی اہلکاروں کے درجات کی بلندی کے لیے دعا بھی کی۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ہمارے شہداء اور غازیوں نے بے مثال جرأت و بہادری کے ساتھ خودکش حملے کو ناکام بنایا۔ انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں ملک میں امن کے قیام اور دہشتگردی کے مکمل خاتمے کی ضمانت ہیں۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ قوم اپنے ان جانباز محافظوں اور ان کے اہل خانہ کو سلام پیش کرتی ہے جنہوں نے وطن عزیز کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف سیکیورٹی فورسز اور عوام کا عزم مضبوط اور حوصلے بلند ہیں۔وزیر اعلیٰ نے دھماکے میں زخمی ہونے والے اہلکاروں اور شہداء کے ورثاء کے لیے صوبائی حکومت کی جانب سے بھرپور مالی معاونت پر مشتمل پیکج دینے کا اعلان بھی کیا۔

دورے کے موقع پر وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے اطلاعات، چیف سیکرٹری اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ بھی ان کے ہمراہ تھے۔

نیول چیف کا پاک فضائیہ کے ساتھ مشترکہ آپریشنل مشقوں کے آغاز کا اعلان

پاکستان کا پہلا انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس کیاسک لاہور ایئرپورٹ پر قائم

وفاقی حکومت کا بڑا فیصلہ، بجلی بلوں سے الیکٹریسٹی ڈیوٹی ختم کرنے کا اعلان

کراچی میں چارجڈ پارکنگ ختم، کے ایم سی کی سڑکوں پر مفت پارکنگ کا آغاز

Shares: