وزیراعلیٰ نے دورہ ساہیوال میں کیا بڑے منصوبوں کا اعلان، وکلاء،صحافیوں کو سنائی خوشخبری

باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے ساہیوال میں وکلاء، تاجروں، صنعتکاروں اور پارٹی عہدیداروں کی ملاقات ہوئی ہے

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ پنجاب کے ہر شہر کا دورہ کرکے ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لے رہا ہوں،فلاح عامہ کے منصوبوں کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کیا جائے گا۔ منصوبوں کے تعمیراتی کاموں میں اعلیٰ معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ساہیوال کو موٹروے سے لنک کریں گے۔ سمندری انٹرچینج سے ساہیوال تک رابطہ سڑک تعمیر کی جائے گی۔ اس منصوبے پر عملدرآمد کیلئے متعلقہ اداروں سے فوری رابطہ کریں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ وکلاء اور صحافیوں کیلئے ہر ڈویژن میں کالونی بنائیں گے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ساہیوال رنگ روڈ کی جلد تکمیل کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس ضمن میں ترجیحی بنیادوں پر فنڈز دیئے جائیں گے۔ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال ساہیوال کی اپ گریڈیشن کا اعلان کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہسپتال میں علاج معالجے کی سہولتوں کو بہتر بنانے کیلئے ہرممکن اقدام اٹھائیں گے۔ ساہیوال کے ہسپتال اور میڈیکل کالج کو اضافی فنڈز دیئے جائیں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا مزید کہنا تھا کہ ساہیوال شہر کی سڑکوں کی تعمیر و مرمت کا کام جلد مکمل کرنے کیلئے ہدایات جاری کر دی ہیں۔ساہیوال میں غیر ملکی تعاون سے شہری سہولتوں کی بہتری کے منصوبے مکمل کئے جائیں گے۔اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام کیلئے پرائس کنٹرول اتھارٹی قائم کی جائے گی۔ وکلاء میرے بھائی ہیں، ان کے جائز مسائل حل کریں گے۔ تاجر برادری اور صنعتکاروں کی سہولت کیلئے ہرممکن اقدام کریں گے۔ کسووال میں گرلز ڈگری کالج بنائیں گے۔ ساہیوال کے شہریوں کو ان کا حق دے رہے ہیں۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ڈپٹی کمشنر آفس کے کمیٹی روم کا افتتاح بھی کیا

Shares: