باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق بارشوں کے پیش نظر بزدار حکومت کے اقدامات،وزیراعلی پنجاب سردارعثمان بزدار نے اربن فلڈنگ سے بچاؤ کے لئے موثر اقدامات کرنے کا حکم دے دیا
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا ہے کہ صوبہ بھر میں برساتی نالوں، ڈرین اور واٹرچینلز کی 24 گھنٹے مانیٹرنگ کی جائے ۔وزیراعلی نے متعلقہ حکام کو موثر اقدامات کے لئے ہائی الرٹ کردیا
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ بارشوں کی وجہ سے مختلف شہروں کے نشیبی علاقو ں میں اربن فلڈنگ سے نمٹنے کے لئے پیشگی اقدامات یقینی بنائے جائیں – متعلقہ محکمے اربن فلڈنگ سے نمٹنے کے لئے موثر اقدامات کریں -واساز اور تمام لوکل گورنمٹس بارشوں کی صورتحال سے نمٹنے کے لئے پیشگی انتظامات کریں –
وزیراعلیٰ پنجاب نے اربن فلڈنگ کے پیشگی سدباب کے لئے درکار آلات، مشینری اور دیگر وسائل کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے، اور کہا ہے کہ سڑکوں اور بازاروں میں پانی کھڑا ہوا تو سخت ایکشن لوں گا-عوام کو پانی کھڑا ہونے کی وجہ سے دشواری کا سامنا ہوتا ہے ایسی صورتحال قطعاً برداشت نہیں –
پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور میں صبح سویرے بارش ہوئی جس کے بعد ہمیشہ کی طرح لیسکو کے 45 سے زائد فیڈر ٹرپ کر گئے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہے گا اور مون سون کا سپیل اتوار تک شہر میں بارش برساتا رہے گا۔بارش کے بعد شہر کی پھر وہی صورتحال رہی، کئی علاقوں میں بارشی پانی جمع ہو گیا۔ سڑکوں پر ٹریفک کا نظام بھی درہم برہم ہو گیا اور شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔
بارش سے ایک مرتبہ پھر لیسکو کا ترسیلی نظام بھی ٹھنڈا ہو گیا اور 45 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے، شہر کے کی علاقوں کی بجلی بند ہوگئی جو ابھی تک بحال نہ ہو سکی
واضح رہے کہ پنجاب میں بارشیں ہو رہی ہیں اور بارشوں کی وجہ سے چھتیں گرنے کے واقعات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے ،گزشتہ روز سرگودھا کے علاقے اسلام آباد کالونی میں بارش کے باعث چھت گرنے سے مزدورجاں بحق ،2زخمی ہو گئے تھے،سیالکوٹ میں بارش کے باعث مکان کی چھت گرنے سے خاتون جاں بحق ،دوسری زخمی ہو گئی تھی،کامونکی میں بارش کے باعث گھرکی چھت گرنے سے بچی جاں بحق ،خاتون زخمی ہو گئی تھی