آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے سی ایم ایچ راولپنڈی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے "معرکۂ حق ، آپریشن بنیان مرصوص” کے دوران زخمی ہونے والے بہادر سپاہیوں اور بے گناہ شہریوں کی عیادت کی۔
دورے کے دوران آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے زخمی اہلکاروں سے انفرادی طور پر ملاقات کی، ان کی بے مثال بہادری اور فرض شناسی کو سراہا، اور پاکستان کی مسلح افواج کی جانب سے ان کے مکمل علاج، بحالی اور فلاح و بہبود کے عزم کو دہرایا۔ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کا کہنا تھا کہ "ہمارے شہریوں اور سپاہیوں کی جرات و قربانی پاکستان کی سلامتی کی بنیاد ہے۔ پوری قوم اپنی مسلح افواج کے ہر سپاہی کے ساتھ پختہ یکجہتی کے ساتھ کھڑی ہے۔”آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے اس امر پر زور دیا کہ دشمن کے کسی بھی ناپاک عزائم سے پاکستان کی افواج کے عزم و حوصلے کو متزلزل نہیں کیا جا سکتا۔ معرکۂ حق ، آپریشن بنیان مرصوص کے دوران جس عزم، اتحاد اور عوامی حمایت کا مظاہرہ کیا گیا، وہ ہماری عسکری تاریخ کا ایک روشن باب ہے۔آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی مسلح افواج ہر داخلی و خارجی چیلنج کا مقابلہ قوم کے تعاون سے کرتی رہے گی، اور شہداء و غازیوں کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی۔








