ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی)ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان محمد عثمان خالد کی ہدایت پر صوبائی سرحدی علاقوں میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔ بارڈر ملٹری پولیس کے سربراہ کمانڈنٹ امیر تیمور خان نے پنجاب سے ملحقہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے بارڈر ایریاز کا پیدل تفصیلی دورہ کیا اور سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے مزید بہتری کے احکامات جاری کیے۔

کمانڈنٹ امیر تیمور خان خود فیلڈ میں موجود رہتے ہوئے داخلی و خارجی راستوں، دور دراز علاقوں اور کوہ سلیمان کی پہاڑی چوٹیوں تک پہنچے اور چیکنگ پوائنٹس کا معائنہ کیا۔ انہوں نے بی ایم پی افسران کو ہدایت کی کہ بارڈر سے آنے جانے والے افراد پر کڑی نظر رکھی جائے، مشکوک سرگرمیوں کی فوری نشاندہی کی جائے، اور ہر گاڑی و فرد کی مکمل جانچ پڑتال کے بعد ہی پنجاب میں داخل ہونے دیا جائے۔

انہوں نے قبائلی عمائدین سے بھی اپیل کی کہ وہ بارڈر ملٹری پولیس سے تعاون کریں اور مشکوک افراد یا سرگرمی کی صورت میں فوراً اطلاع دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کوہ سلیمان میں امن و امان برقرار رکھنے، عوام کی جان و مال کے تحفظ اور سمگلنگ و جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے۔

بعد ازاں کمانڈنٹ امیر تیمور خان نے دربار حضرت سخی سرور پر حاضری دی، چادر چڑھائی، فاتحہ خوانی کی اور ملک کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کیلئے دعا کی۔ دربار آمد پر مجاوران نے ان کا پرتپاک استقبال کیا اور انہیں بلوچی پگڑی اور شال پیش کی۔

Shares: