ٹھٹھہ (بلاول سموں) کمشنر حیدرآباد فیاض حسین عباسی کی صدارت میں ضلع ٹھٹہ کے مختلف محکموں کے افسران کے ساتھ تعارفی اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈپٹی کمشنر ٹھٹہ منور عباس سومرو، ایس ایس پی فاروق احمد بجارانی، ریونیو، صحت، تعلیم، سوشل ویلفیئر، لائیو اسٹاک، پبلک ہیلتھ، بلڈنگز، میونسپل، ٹاؤن کمیٹیوں اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

کمشنر فیاض حسین عباسی نے اجلاس میں افسران کو ہدایت دی کہ وہ ضلعی انتظامیہ کے ساتھ قریبی رابطہ رکھ کر اپنے محکموں کی کارکردگی بہتر بنائیں۔ انہوں نے زور دیا کہ ضلع کی تعمیر و ترقی کے لیے ایمانداری، محنت اور شفافیت کے ساتھ کام کیا جائے اور عوام کے جائز مسائل کو بلا امتیاز ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔ ڈویژنل کمشنر نے ڈپٹی کمشنر ٹھٹہ کو ہدایت کی کہ وہ ہر ماہ تمام محکموں کے سربراہان کے ساتھ اجلاس منعقد کریں تاکہ کمیونیکیشن گیپ ختم ہو اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

اس سے قبل کمشنر نے لمس کیمپس ٹھٹہ کا دورہ کیا، جہاں ڈپٹی کمشنر، اسسٹنٹ کمشنر شاکر فہیم اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر غلام سرور قریشی نے کیمپس کے انفراسٹرکچر، مختلف شعبہ جات، سرجری، طبی خدمات اور دیگر سہولیات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ کمشنر نے تجربہ کار فیکلٹی اور اعلیٰ معیار کی انتظامیہ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ادارے کی وقار اور خوبصورتی کو برقرار رکھنا قابلِ تحسین ہے اور انہیں امید ہے کہ یونیورسٹی طبی اور عوامی صحت کے شعبے میں نمایاں مقام حاصل کرے گی۔

بعد ازاں ڈویژنل کمشنر نے سول اسپتال مکلی کا دورہ بھی کیا، جہاں مختلف وارڈز اور شعبوں کا معائنہ کیا اور مریضوں سے فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے صحت کے افسران کو ہدایت کی کہ ہر مریض کو بلا امتیاز بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔

کمشنر نے سندھ یونیورسٹی کیمپس ٹھٹہ، اسپیشل ایجوکیشن سینٹر مکلی اور گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول مخدوم محمد ہاشم ٹھٹوی کا بھی دورہ کیا، جہاں تدریسی عمل اور بنیادی سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کلاس رومز کا معائنہ کیا اور طلبہ سے سوالات کیے۔ کمشنر نے کہا کہ تعلیم ہر انسان کا بنیادی حق ہے اور اساتذہ کو ہدایت دی کہ طلبہ کی تعلیمی بہتری کے لیے مزید محنت کریں اور معیاری تعلیم کے ساتھ اسکولوں میں صفائی ستھرائی کو بھی یقینی بنائیں۔

Shares: