اوکاڑہ،باغی ٹی وی (نامہ نگارملک ظفر) کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید، ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر عثمان احمد اور ڈویژنل ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر ارشاد الحق نے سنٹرل اسٹیشن اوکاڑہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے سی ایم انٹرن شپ پروگرام کے انٹرنیز اور کمیونٹی ایمرجنسی ریسپانس ٹیمز کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔
سنٹرل اسٹیشن پہنچنے پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر احتشام نے معزز افسران کا استقبال کیا اور ریسکیو 1122 کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔ دورے کے دوران کمشنر ساہیوال نے اوکاڑہ کمانڈ اینڈ کنٹرول روم کا بھی معائنہ کیا۔
خطاب میں کمشنر ساہیوال کا کہنا تھا کہ ریسکیو 1122 ایک بہترین ادارہ ہے، اور انٹرن شپ کرنے والے خوش قسمت ہیں کہ انہیں ایمرجنسی میں جان و مال بچانے کا موقع مل رہا ہے۔ انہوں نے انٹرنیز پر زور دیا کہ وہ گلی محلوں میں آگاہی مہم چلائیں اور حادثات کے دوران فوری مدد کی تکنیکوں پر تربیت دیں تاکہ معاشرہ مزید محفوظ بنایا جا سکے۔
اس موقع پر کمشنر ساہیوال نے انٹرنیز سے تربیت کے مختلف پہلوؤں پر سوالات کیے، جبکہ رضاکاروں نے سی پی آر، بلڈنگ کنٹرول، آگ پر قابو پانے اور پانی سے متاثرہ افراد کو نکالنے کے عملی مظاہرے بھی کیے۔