اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) کمشنر ساہیوال ڈاکٹر آصف طفیل کی زیر صدارت عوام کو ریونیو سروسز کی مؤثر فراہمی کے حوالے سے ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد شجاعین وسطرو، تینوں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز، پلس پراجیکٹ کے نمائندے اور ریونیو افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد شجاعین وسطرو نے شرکاء کو تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ عوامی سہولت کے پیش نظر بورڈ آف ریونیو کے مختلف اقدامات پر عمل درآمد جاری ہے۔ انہوں نے کھیوٹ، پارٹیشنز و ونڈا جات، ریونیو ریکارڈ کی ڈیجیٹائزیشن، باہمی تنازعات کے حل اور ریونیو کیسز پر پیش رفت کے بارے میں تفصیلی آگاہی دی۔
کمشنر ساہیوال ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا کہ حکومتِ پنجاب کی ہدایات کے مطابق بورڈ آف ریونیو نے شفافیت، سروس ڈلیوری اور عوامی سہولت میں بہتری کے لیے متعدد اصلاحاتی اقدامات شروع کیے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اراضی ریکارڈ مینجمنٹ سسٹم میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال بڑھایا جا رہا ہے تاکہ شہری ملکیتی حقوق، انتقالات، فرد اور دیگر خدمات باآسانی حاصل کر سکیں۔
ڈاکٹر آصف طفیل نے مزید کہا کہ ای سروس سینٹرز اور ڈیجیٹل ریکارڈ سسٹم کو مزید فعال بنایا جا رہا ہے، جبکہ ریونیو عملے کی استعداد کار میں اضافہ، بدعنوانی کے خاتمے اور سروسز کی شفاف فراہمی کے لیے سخت مانیٹرنگ نظام نافذ کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تمام اضلاع میں زمینوں کے سروے اور کمپیوٹرائزڈ ریکارڈ کی اپڈیٹیشن کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ کمشنر نے ہدایت کی کہ عوام کو بہترین ریونیو سروسز فراہم کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے اور لینڈ ریونیو ایکٹ پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوامی مسائل کا شفاف اور قانونی حل ممکن بنایا جا سکے۔








