اوکاڑہ(نامہ نگارملک ظفر)کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال رینالہ خورد کا تفصیلی دورہ کیا اور وہاں مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ہسپتال کے مختلف وارڈز، پرچی کاؤنٹر، استقبالیہ اور ذیابیطس کاؤنٹر کا معائنہ کرنے کے ساتھ ساتھ مریضوں کو انسولین کی فراہمی اور صفائی ستھرائی کے انتظامات کو بھی چیک کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو صفائی کے معیار کو مزید بہتر بنانے اور مختلف مقامات پر ڈسٹ بنز کی تعداد بڑھانے کی خصوصی ہدایت جاری کی۔
دوران معائنہ ڈاکٹر آصف طفیل نے فارمیسی میں ادویات کے اسٹاک اور متعلقہ ریکارڈ کی جانچ پڑتال کی اور ڈیوٹی ڈاکٹرز کو ہدایت کی کہ وہ اپنے فرائض مکمل ایمانداری اور تندہی سے سرانجام دیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سرکاری ہسپتالوں میں وزیراعلیٰ پنجاب کے عوامی خدمت کے مشن کو ہر صورت عملی جامہ پہنایا جائے گا اور طبی خدمات کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہسپتال انتظامیہ، ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف عوام کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام ممکنہ اقدامات بروئے کار لائیں۔








