اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے آر پی او رانا ایاز سلیم اور ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کے ہمراہ کرسمس کے انتظامات کے سلسلے میں اوکاڑہ کے کیتھولک چرچ کا دورہ کیا۔

دورے کے دوران چرچ میں صفائی، بجلی، پانی اور سیکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ کمشنر ساہیوال نے کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری کو بہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایات دیں اور چرچ انتظامیہ سے ملاقات کے بعد انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

کمشنر ساہیوال ڈاکٹر آصف طفیل اور آر پی او رانا ایاز سلیم نے کرسچن کمیونٹی کے ساتھ مل کر کرسمس کا کیک بھی کاٹا۔ اس موقع پر فول پروف سیکیورٹی انتظامات یقینی بنانے کے احکامات جاری کیے گئے۔

کمشنر نے کہا کہ کرسمس کی تقریبات کے دوران مسیحی برادری کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی اور اس ضمن میں کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ پبلک پارکس، قبرستانوں اور کرسچن کالونیوں میں بہترین میونسپل سروسز کی فراہمی کے لیے تمام ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔

انہوں نے واضح کیا کہ اقلیتی برادری کے مذہبی تہواروں پر مکمل احترام اور سہولیات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، جبکہ سیکیورٹی ادارے کرسمس کے موقع پر فول پروف سیکیورٹی انتظامات کو یقینی بنائیں گے۔ کمشنر ساہیوال نے ضلعی انتظامیہ کے موثر اقدامات کو سراہا۔

Shares: