اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے اوکاڑہ کے علاقے اٹاری میں دریائے ستلج میں نچلے درجے کی سیلابی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ضلعی انتظامیہ کے سیلاب سے نمٹنے کے اقدامات کا جائزہ لیا اور متاثرین کی منتقلی اور ریلیف کیمپوں میں فراہم کی جانے والی سہولیات کا معائنہ کیا۔
ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے کمشنر کو سیلابی صورتحال اور ضلعی انتظامیہ کی تیاریوں کے بارے میں بریفنگ دی۔ محکمہ انہار کے افسران نے پانی کے بہاؤ کے بارے میں تفصیلی معلومات فراہم کیں۔ حکام نے بتایا کہ ہیڈ گنڈا سنگھ پر پانی کا اخراج ایک ہزار کیوسک ہے، جبکہ ہیڈ سلیمانکی پر پانی کی آمد 69 ہزار کیوسک اور اخراج 58 ہزار کیوسک ہے۔
کمشنر نے فلڈ ریلیف کیمپس میں متاثرین کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا معائنہ کیا اور ہدایت کی کہ ان کیمپوں میں متاثرین کو بہترین سہولیات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے ریسکیو، ہیلتھ، لائیو سٹاک اور سول ڈیفنس سمیت تمام متعلقہ محکموں کو الرٹ رہنے اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی۔ کمشنر نے کہا کہ سیلاب متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا عمل مسلسل جاری ہے۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ سیلابی صورتحال کے دوران گہرے پانی میں جانے سے گریز کریں۔ کمشنر نے یہ بھی بتایا کہ سیلاب متاثرین کی سہولت کے لیے 12 فلڈ ریلیف کیمپس قائم کیے گئے ہیں اور پانی کا بہاؤ معمول پر آنے تک امدادی کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ کی کاوشوں پر اطمینان کا اظہار بھی کیا۔