سیکرٹری پنجاب ایمرجنسی سروسز کا کمیونٹی ریسکیو اسٹیشن اوکاڑہ کا دورہ

اوکاڑہ (باغی ٹی وی نامہ نگار ملک ظفر) سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر (ستارہِ امیتاز) نے کمیونٹی ریسکیو اسٹیشن اوکاڑہ کا دورہ کیا، جہاں ان کا استقبال ڈویژنل ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر ارشاد الحق، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر احتشام اور ساہیوال کے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر خالد عبداللہ نے کیا۔

ریسکیو کے چاک و چوبند دستے نے انہیں سلامی دی۔ دورے کے دوران، سیکرٹری ایمرجنسی سروسز نے ایمرجنسی میڈیکل ٹیکنیشنز کی پرسنل کٹ بیگ کا معائنہ کیا اور مختلف ایمرجنسیز کے حوالے سے ریسکیورز سے سوالات کیے۔

ڈاکٹر رضوان نصیر نے ریسکیو اہلکاران سے خطاب کرتے ہوئے کہا، "آپ لوگ خوش نصیب ہیں جنہیں اللہ تعالیٰ نے لوگوں کی جانوں کو بچانے کے لیے چنا ہے۔ ہمیں اپنی ڈیوٹی کو خدمت کے جذبے اور خوش اسلوبی سے سرانجام دینا چاہیے۔”

انہوں نے مزید کہا کہ "ریسکیو اہلکاران کو فزیکل فٹنس اور پیشہ ورانہ مہارت کو برقرار رکھنا چاہئے تاکہ ایمرجنسی کے متاثرہ افراد کو بہترین مدد فراہم کی جا سکے۔” انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایمرجنسی گاڑیوں اور آلات کو ہمیشہ فعال رکھنا سب کی ذمہ داری ہے۔

اس موقع پر سیکرٹری ایمرجنسی سروسز نے سنٹرل اسٹیشن پر ساہیوال ڈویژن کی پرفارمنس کے حوالے سے میٹنگ کی صدارت کی، جس میں ڈویژنل ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر ارشاد الحق نے ڈویژن کی کارکردگی پر بریفنگ دی۔

Comments are closed.