باغی ٹی وی ، ڈیرہ غازی خان( نامہ نگار)گذشتہ روز غازی یونیورسٹی ڈیرہ غازی خان میں NUMS کے انٹری ٹیسٹ کا انعقاد ہوا ،غازی یونیورسٹی نے اس قومی فریضہ کی ادائیگی میں اپنے امتحانی ہال سمیت 37 کمرے اور انتظامی معاونت و عملہ سیکورٹی فراہم کیا۔ رجسٹرار غازی یونیورسٹی ڈاکٹر اللہ بخش گلشن کی ہدایات پرچیف سیکورٹی آفیسر کرنل اشفاق احمد اور ان کی ٹیم نے سیکورٹی اور انتظامی امور میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا۔ کرنل اشفاق احمدکی کمانڈ میں یونیورسٹی کی سیکورٹی ٹیم نے ٹیسٹ ایریا اوراس کے اطراف میں حفاظتی انتظامات کو یقینی بنانے میں پاک فوج کا مکمل ساتھ دیا۔
اس ٹیسٹ میں تقریباً 1170 طلباء شریک ہوئے جن میں سے زیادہ تر کا تعلق ڈیرہ غازی خان ڈویژن سے تھا، علاقہ ازیں بھکر، میانوالی اور دیگر علاقوں سے بھی بچوں نے اس ٹیسٹ میں حصہ لیا۔ پاک آرمی کی جانب سے غازی یونیورسٹی کی پارکنگ میں والدین کے بیٹھنے کے لیے آرام دہ ماحول فراہم کیا اور کھانے پینے کی اشیاء کی فراہمی کو یقینی بنایا، طلباء و طالبات کی آسانی کے لیے راہنمائی و سہولیاتی مراکز کا قیام عمل میں لایا گیا،یونیورسٹی میں سائن بورڈ اور گائیڈ میپ آویزاں کیے گئے۔
پاک فوج کے طرف سے یہ تمام انتظامات کمانڈر بر گیڈیئر فیصل شرجیل قریشی کی زیر نگرانی کمانڈگ آفیسر کرنل مبشر گیلانی نے مکمل کروائے۔ نمز کی جانب سے کرنل مبشر حسین اور ان کی ٹیم نے امتحانات لینے کے مرحلہ کو بطریق احسن نبھایا۔ امیدواران کو دوران ٹیسٹ پینے کے پانی و کھانے کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا۔ تمام والدین نے نمز انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا جن کی بدولت ڈیرہ غازی خان میں ٹیسٹ کا مرکز قائم کیا گیا
جس سے نہ صرف ڈیرہ غازی خان بلکہ دیگر قریبی شہروں کے لوگوں کو فائدہ پہنچا اور اپنے گھر کے قریب ٹیسٹ مرکز میسر آیا۔ نمز انتظامیہ نے غازی یونیورسٹی کے بھرپور تعاون کا شکریہ ادا کیا۔ ایڈشنل ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن شعیب رضا نے نمز انتظامیہ کو آئندہ بھی اپنے ادارے کی طرف سے بھرپور معاونت کا یقین دلایا کہ کسی بھی قسم کے قومی فریضہ کی تکمیل میں غازی یونیورسٹی ہمیشہ ساتھ ہوگی۔
Baaghi Digital Media Network | All Rights Reserved