اوکاڑہ یونیورسٹی میں دو روزہ پاک ٹیسول ٹریننگ کا انعقاد ،ٹریننگ میں ملک بھرسے انگریزی زبان کے اساتذہ نے حصہ لیا

اوکاڑہ باغی ٹی (نامہ نگار ملک ظفر)اوکاڑہ یونیورسٹی میں "اکیسویں صدی میں انگریزی زبان کی تعلیم کے رجحانات” کے موضوع پہ پہلی پاک ٹیسول ٹریننگ کا انعقاد کیا گیا۔ یہ دو روزہ تربیتی ورکشاپ امریکن سفارت خانے کے ادارے ریلو پاکستان کے تعاون سے منعقد ہوئی۔
اس ورکشاپ کی افتتاحی تقریب کی صدارت اوکاڑہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد واجد نے کی۔ تقریب کے دیگر معزز شرکاء میں پاک ٹیسول کے بانی اور پراجیکٹ دائریکٹر ڈاکٹر محمد کمال خان اور ڈائریکٹر کالجز ساہیوال مسعود فریدی شامل تھے۔ ورکشاپ کے چیف منتظم اوکاڑہ یونیورسٹی کے سنٹر فار انگلش لینگویج اینڈ لرننگ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد الیاس محمود تھے۔
اپنے افتتاحی کلمات میں ڈاکٹر الیاس نے ملک بھر کے انگریزی زبان کے اساتذہ کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کے نکھارنے کے حوالے سے پاک ٹیسول اور ریلو پاکستان کی جانب سے کی جانے والے کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے ورکشاپ کے کامیاب انعقاد میں بھرپور تعاون پہ وائس چانسلر کا شکریہ بھی ادا کیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ انگریزی زبان کے اساتذہ اور اس پیشے سے منسلک افراد کو پیشہ وارانہ تربیت کے مواقع فراہم کرنے کےلیے اوکاڑہ یونیورسٹی میں ایک ماڈل ای ایل ٹی سنٹر قائم کیا گیا ہے۔
پروفیسر واجد نے پاکستان میں انگریزی زبان کی تعلیم میں اصلاحات لانے کے حوالے سے پاک ٹیسول اور ریلو پاکستان کے مشن میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ ڈاکٹر کمال نے پاک ٹیسول کو انگریزی زبان کے اساتذہ کی ایک مضبوط تنظیم قرار دیتے ہوئے اس کے اغراض و مقاصد پہ روشنی ڈالی۔ اس کے علاوہ انہوں نے ورکشاپ کے شاندار انتظامات پہ ڈاکٹر الیاس اور اس سلسلے میں تعاون فراہم کرنے پہ ڈائریکٹوریٹ آف پبلک انسٹرکشن پنجاب اور ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن ساہیوال کا شکریہ ادا کیا۔ اس ورکشاپ کے دیگر ٹرینرز میں ڈاکٹر ابرار حسین قریشی، ڈاکٹر صائمہ مبشرہ اور ڈاکٹر عمارہ فرخ شامل تھے۔ ورکشاپ کے کل آٹھ سیشنز میں خطے بھر سے انگریزی زبان کے اساتذہ کی ایک بڑی تعداد نے بھرپور شرکت کی۔

Leave a reply