سیالکوٹ (بیوروچیف شاہد ریاض) رکن صوبائی اسمبلی چودھری فیصل اکرام نے کہا ہے کہ 6 کروڑ روپے کی لاگت سے شاہ آباد کوٹھے روڈ کی آر آر سی تعمیر کا منصوبہ مکمل کر لیا گیا ہے۔ محکمہ ہائی وے ڈویژن کے زیر نگرانی اس منصوبے کا ٹینڈر میرٹ پر 30 فیصد کم لاگت پر الاٹ کیا گیا اور ٹائم لائن کے اندر روڈ کی تعمیر مکمل کر لی گئی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ کشنے والی ریلوے پھاٹک کی توسیع کے لیے پاکستان ریلوے کو ایک کروڑ روپے کا ڈیمانڈ نوٹس جمع کروا دیا گیا ہے اور جلد ہی اس منصوبے کو بھی مکمل کر لیا جائے گا۔
چودھری فیصل اکرام نے یہ بات اپنے حلقہ انتخاب یوسی جودھے والی کی روڈ شاہ آباد کوٹھے کے منصوبے پر تعمیراتی کام کا جائزہ لینے کے دوران کہی۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومت نے اپنے دور اقتدار میں صوبے اور عوام کی ترقی اور خوشحالی پر توجہ دینے کی بجائے انتشار کی سیاست کو فروغ دیا، جس کے نتیجے میں معیشت کا پہیہ رک گیا اور عوام کی مشکلات میں بے پناہ اضافہ ہوا۔
مسلم لیگ ن نے اقتدار میں آکر مشکل ترین حالات میں معیشت کو سہارا دیا اور اب معیشت اپنے پیروں پر کھڑی ہو چکی ہے۔ مہنگائی 38 فیصد سے کم ہو کر صرف 1.5 فیصد رہ گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ تمام وفاقی و صوبائی حلقوں میں ترقیاتی منصوبوں پر بیک وقت کام جاری ہیں اور اب وقت ہے کہ ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے عوام کی امنگوں کے مطابق کام کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ حلقے کے پسماندہ علاقوں میں ترجیحی بنیادوں پر کام کروائے جائیں گے اور منصوبوں کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ترقیاتی منصوبوں پر ایک ایک پیسہ سوچ سمجھ کر خرچ کیا جائے گا تاکہ عوام الناس ان منصوبوں سے طویل عرصے تک استفادہ حاصل کر سکیں۔
انہوں نے کہا کہ تمام منصوبے بغیر کسی تاخیر کے مکمل کیے جائیں گے اور منصوبوں کی تکمیل میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔








