کرونا سے نجات پانے کیلئے ملک بھر میں آج یوم دعا منایا جائیگا

باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی اپیل پر آج ملک بھر میں یوم دعا منایا جائے گا

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ آج 4 دسمبر کو یوم دعا منایا جائے گا، نماز جمعہ کے اجتماعات میں کورونا وائرس کی وبا کی دوسری لہر سے تحفظ کے لئے خصوصی دعائیں کی جائیں گی، کورونا وائرس کی وبا کی دوسری لہر پر علما نے تشویش کااظہار کیا ہے، وبا سے تحفظ کے لئے عام کی آگاہی پر علمائے کرام نے اتفاق کیا ہے، مساجد میں ایساو پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنیا جائے گا، عوام کی آگاہی کے لئے میڈیا بھی اپنا کردار ادا کرے، علما نے اپیل کی ہے کہ کچھ عرصہ کے لئے جلسہ جلوسوں کو موخر کردیاجائے ،علما نے متفقہ طور پر 17 اپریل کے ایس او پیز پر عملدرآمد کا اعادہ کیا ہے۔

خبر رساں ادارے اے پی پی کے مطابق کورونا وائرس کی دوسری لہر اور اس کی صورتحال کے بارےمیں وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی نور الحق قادری اور وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کے ہمراہ بریفنگ میں اظہار خیال کرتے ہوئے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وبا کی پہلی لہر میں اپریل میں اوسط 500 مریض تھے۔ عوام کی احتیاطی تدابیر کے نتیجہ میں وبا کے پھیلائو پر قابو پایا گیا اور 22 جون کو 6400 مریضوں کا ٹیسٹ مثبت آیا جو 6500 تک بڑھنے کے بعد رک گیا۔ انہوں نے کہا کہ اب کورونا کادوسرا حملہ ہے اس کے تناظر میں عوام سے اپیل ہے کہ پہلی لہر کے دوران حاصل کامیابیوں کی روشنی میں حفاظتی اقدامات کریں اور اس مہم میں کورونا وائرس کی وبا سے لڑنے والے الفاظ کی بجائے کورونا وائرس کی وبا سے بچنا ہے کو شامل کیا جائے۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ وبا سے تحفظ کے لئے رجوع الی اللہ کیا جائے اور اس حوالےسے آج جمعہ کے اجتماعات میں خصوصی دعائوں کے ساتھ ساتھ ملک بھر میں یوم دعا منایا جائے گا۔ میڈیا بھی پہلے کی طرح کردار ادا کرے جبکہ علمائے کرام نے ملک کی سیاسی قیادت سے اپیل کی ہے کہ جلسے اور جلوس کچھ عرصہ کے لئے موخر کردیئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ پہلی لہر اور منبر اور محرام سے اٹھنے والی آواز پر عوام نے عمل کیا۔ علما منظم ہیں اور ان کی بات سنی جاتی ہے۔

صدر مملکت کا مزید کہنا تھا کہ ناموس رسالت اور او آئی سی اعلامیہ میں وزیر اعظم عمران خان نے اہم کردار ادا کیا جس کو تمام علما نے متفقہ طور پر سراہا ہے۔ علما نے کورونا کی دوسری لہر پر تشویش ظاہر کی ہے کہ لوگ کم سیریس ہیں۔ اس لئے طے پایا ہے کہ خدا کے حضور معافی کے لئے خصوصی دعائیں کی جائیں گی۔ احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد، خداسے دعا اور غریبوں کے احساس سے اللہ تعالیٰ ہم پر رحم فرمائے گا۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا مزید کہنا تھا کہ علما نے سیاسی قیادت سے اپیل کی ہے کہ جلسے جلوس کچھ عرصہ کے لئے موخر کئے جائیں وبا کے بعد دو بارہ جمہوری حقوق پر واپس آیا جا سکتا ہے۔ تمام علما نے متفقہ طور پر کیا ہے کہ پہلی لہر میں ہمیں کامیابی ملی اور دوسری لہر سے تحفظ کے لئے رجوع الی اللہ کیاجائے، خدا تعالیٰ سے معافی مانگی جائے اور اس کی پناہ طلب کی جائے۔ عبادات کا عمل جاری رکھتے ہوئے، احتیاط کریں اور ساتھ ساتھ معاشرے کے غریب طبقات کا خیال رکھا جائے۔

Shares: