باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں کرونا کی دوسری لہر جاری ہے، کرونا سے اموات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے
نجی ٹی وی سے وابستہ سینئر صحافی طارق ملک کورونا وائرس کے باعث وفات پا گئے ہیں،طارق ملک میں کرونا کی تشخیص ہوئی تھی اور وہ گزشتہ کئی روز سے کورونا کے باعث اسپتال میں زیرعلاج تھے ان کی تدفین آبائی علاقے تلہ گنگ میں کی جائے گی۔
طارق ملک نے بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی سے ماس کمیونی کیشن میں ماسٹرز کیا۔ پرنٹ میڈیا میں طویل عرصہ روزنامہ جنگ اور الیکٹرانک میڈیا میں اے آر وائی نیوز سے منسلک رہے، سما ٹی وی میں بھی خدمات انجام دیں اور اب دو سال سے ہم نیوز سے وابستہ تھے، بطور ٹیچرشعبہ تدریس سے بھی تعلق رہا
طارق ملک کی وفات پر اسلام آباد سے صحافی برداری نے افسوس اور غم کا اظہارکیا ہے اور انکے لئے دعائے مغفرت کی ہے
سینئر صحافی طارق محمود ملک کے انتقال پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ طارق محمود ملک ایک زیرک اور منجھے ہوئے صحافی تھے۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے طارق محمود ملک کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ اللہ رب العزت مرحوم کی مغفرت اور درجات بلند فرمائے اور ان کے اہل خانہ کو صبر کی توفیق دے۔