کرونا ویکسین کی مہم، صدر مملکت نے علماء کرام سے مدد مانگ لی

کرونا ویکسین کی مہم، صدر مملکت نے علماء کرام سے مدد مانگ لی
صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان، ڈاکٹر عارف علوی، کے ساتھ ملک بھر کے جید علماءکرام ، مشائخ عظام کی کورونا ویکسین کے حوالے سے اہم ترین نشست کا اہتمام کیا گیا۔

مشاورتی سیشن میں وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی ، پیر نور الحق قادری ، چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ، ڈاکٹر قبلہ ایاز نے شرکت کی۔ گورنر بلوچستان، گورنر گلگت بلتستان کے علاوہ چاروں صوبوں کے علمائے کرام، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے علماء نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔ اجلاس میں حسب ذیل نکات پر اتفاق ہوا

عوام الناس کی جان اور صحت کی حفاظت مقاصد دین و شریعت میں سے ایک مقصد ہے۔کورونا ایک وبائی مرض ہے،جس کی روک تھام اور علاج معالجہ کا اہتمام کرنا صرف شریعت کا تقاضا ہی نہیں بلکہ حکم ہے۔کورونا وبا سے لاکھوں لوگ لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ صحت کے ماہرین بھی اس کی مستقل روک تھام کیلئے ویکسین لگوانے پر زور دے رہے ہیں۔ علماءو مشائخ بھی صحت کے ماہرین کی رائے کو اہمیت دیتے ہیں۔ کورونا ویکسین کے استعمال کی ترغیب علماءکرام اور مشائخ عظام کے فرائض منصبی میں سےہے۔

کورونا کی ویکسین کو جس قدر زیادہ لگوانے کا اہتمام کیا جائے گا اس وبا کی روک تھام موثر ہو گی اور معاشرتی و معاشی امور بالخصوص صنعتوں، کارخانوں اور مزدور کا کام بطریق احسن جاری رہے گا۔ پاکستان میں اس وقت کورونا کی روک تھام کے لئے جو ویکسینز رجسٹر کی گئی ہیں، ان کے اجزاء ترکیبی پر علماء و مشائخ نے اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ویکسین لگوانے پر عوام الناس کو ترغیب دلانے کے لئے علماء و مشائخ مساجد ،امام بارگاہوں، خانقاہوں اور مدارس سے موثر اور مثبت آواز بلند کریں گے۔علماء کرام و مشائخ عظام نے پہلے بھی ویکسین لگوانے کی تلقین کی ہے اور علمائے کرام منبر و محراب سے اس جمعہ 4 جون کو بھی ویکسین لگوانے کی خصوصی تلقین کریں گے اور اعلانات کا یہ سلسلہ آئندہ کے خطبات میں بھی جاری رکھیں گے۔

Comments are closed.