کرونا وائرس، عوام کو ریلیف دینے کیلئے آج ہو گا معاشی ٹیم اور کل وفاقی کابینہ کا اجلاس

0
54

کرونا وائرس، عوام کو ریلیف دینے کیلئے آج ہو گا معاشی ٹیم اور کل وفاقی کابینہ کا اجلاس
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے باعث عوام کو ریلیف دینے کے لئے وزیراعظم عمران خان نے معاشی ٹیم کا اجلاس آج طلب کر لیا

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت معاشی ٹیم کا اجلاس آج ہو گا۔ اجلاس میں کرونا وائرس کے پیش نظر معاشی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔ وزیراعظم کی زیر صدارت معاشی ٹیم اجلاس میں تعیمرات انڈسٹری کو دیئے جانے والے ریلیف پر مشاورت کرے گی، کرونا کی صورتحال میں عوام کو ممکنہ ریلیف سے متعلق تجاویز بھی زیر غور آئیں گی۔

اجلاس میں ملک میں اشیائے ضروریہ کی مسلسل فراہمی پر بھی مشاورت ہو گی، ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائیوں پر بھی آگاہ کیا جائے گا، اجلاس میں بجلی اور گیس کے بلوں میں عوام کو ریلیف دینے کے حوالہ سے بھی مشاورت ہو گی، اجلاس میں یوٹیلٹی سٹورز پر بھی عوام کے لئے ریلیف پیکج جاری کیے جانے کا امکان ہے

وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس کل ہو گا جس کے لیے 8 نکاتی ایجنڈا جاری کر دیا گیا۔وفاقی کابینہ کا اجلاس ویڈیو لنک کے ذریعہ ہو گا۔ مختلف مقامات پر ویڈیو لنک کے ذریعہ وفاقی وزراءاجلاس میں شریک ہوں گے۔ وزیراعظم اپنے آفس سے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس کی صدارت کریں گے

وفاقی کابینہ کرونا سے پیدا صورتحال اور اقدامات کا جائزہ لے گی۔ اجلاس میں معیشت پر کرونا کے اثرات کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ وزیر اعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کو پاور ڈویژن بجلی کی تقسیم، بلوں اور دیگر امور پر کابینہ کو بریفنگ دی جائے گی۔ کابینہ تعمیرات کےشعبہ میں سہولیات دینے کے پیکج کی منظوری بھی دے گی،کابینہ ذخیرہ اندوزوں کےخلاف کیے اقدامات کا بھی جائزہ لے گی۔ کابینہ مختلف قانونی امور کے حوالے سے اپنی ذیلی کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق کرےگی جبکہ غیر ملکی کاروباری قرضہ جات اور منافع پر ٹیکس استثنی پر بھی غورکرے گی۔

وزیراعظم عمران خان کی جانب سے کرونا وائرس کی وجہ سے عوام کو ریلیف دینے کے اقدامات کا کہا گیا تھا ، آج معاشی ٹیم اور کل وفاقی کابینہ اجلاس میں اس حوالہ سے اہم فیصلے متوقع ہیں، سندھ حکومت نے دو ماہ کے لئے بجلی اور گیس کے بل لینے سے منع کر دیا ہے اور کہا ہے کہ آئندہ دس ماہ میں بل کی قسطیں ایڈجسٹ کی جائیں گی، امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے بجلی و گیس کے بل معاف کرنے کا مطالبہ کیا ہے.

Leave a reply