باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق کرونا وائرس سے نمٹنے کے لئے چین کے بعد سعودی عرب بھی پاکستان کی مدد کو آ گیا

پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے پاکستان کے وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری سے ملاقات کی اور کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے سعودی حکومت کا پاکستان کے لیے تحفہ ان کے حوالے کیا.

سعودی حکومت کی جانب سے پاکستان کو 270 تھرمل سکیز،550 باکس سرجیکل ماسک کا تحفہ دیا گیا ہے، سعودی عرب کی جانب سے دیئے گئے طبی سامان میں 550 باکس سینی ٹائمزر،350 سیفٹی کٹس اور 550 باکس سرجیکل گلوز بھی شامل ہیں

اس موقع پر پیر نورالحق قادری کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے مابین اخوت کے رشتے ہیں، سعودی عرب نے پاکستان کی مشکل وقت میں مدد کر کے ثابت کر دیا کہ دونوں ملکوں کی دوستی اٹوٹ ہے.سعودی سفیر نے یقین دہانی کروائی کہ سعودی عرب مشکل میں پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے، سعودی عرب خود وبا سے متاثر ہے لیکن ہم پاکستان سمیت دیگر ممالک کی مدد کرتے رہیں گے

قبل ازیں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے سعودی ہم منصب شہزادہ فیصل بن فرحان السعود کو ٹیلیفون کیا۔ دونوں وزرائے خارجہ کے مابین کورونا وائرس کے پھیلاو کو روکنے اور اس عالمی چیلنج سے نمٹنے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کورونا وائرس کی وبا کے باعث سعودی شہریوں کے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اپنے سعودی ہم منصب کے ساتھ اظہارِ تعزیت کیا۔

وزیر خارجہ نے سعودی عرب کی طرف سے کورونا وائرس کے پھیلاو کو روکنے کے لئے کئے گئے بروقت اقدامات کی تعریف کی۔ وزیر خارجہ نے اس عالمی وبا کے پھیلاو کو روکنے کیلئے پاکستان کی طرف سے کی جانے والی کاوشوں سے سعودی وزیر خارجہ کو آگاہ کیا۔ وزیر خارجہ نے اپنے سعودی ہم منصب کو کورونا عالمی وبائی چیلنج سے نبرد آزما ہونے کیلئے سعودی عرب کی جانب سے جی۔ 20 ورچوئل سمٹ کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد دی۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اس عالمی وبا کے چیلنج کا سامنا کرتے ہوئے پاکستان جیسے کم وسائل کے حامل ترقی پذیر ممالک کو شدید معاشی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اس لئے وزیر اعظم عمران خان نے ترقی پذیر ممالک کے قرضوں کو ری اسٹرکچر کرنے کی تجویز دی ہے تاکہ وہ اپنے وسائل اس وبائی چیلنج سے نمٹنے اور قیمتی انسانی جانوں کو بچانے کے لئے بروئے کار لا سکیں۔

سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کورونا عالمی وبا کے باعث ہونے والے جانی نقصان پر اظہار تعزیت کرنے، سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض اور جیزان پر میزائل حملوں کے خلاف اصولی موقف اپنانے اور سعودی حکومت اور عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنے پر وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔

Shares: