کرونا وائرس،ایران میں پاسداران انقلابی کے سینئر کمانڈر کی ہوئی موت

باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ایران میں کرونا وائرس کی تباہ کاریاں جاری ہیں،ایرانی پاسداران انقلاب کے سینئر کمانڈر ناصر شعبانی کرونا وائرس کے باعث جان کی بازی ہار گئے جبکہ ایران میں کرونا وائرس سے اموات کی تعداد 514 ہوگئی ہے۔

خبررساں ادارے کے مطابق ایرانی انقلابی گارڈز کے کمانڈر ناصر شعبانی کرونا کی وجہ سے موت کے منہ میں چلے گئے ،ایرانی انقلابی گارڈز کے ترجمان رمضان شریف کا کہنا ہے کہ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی ایران کے مزید 5 اہلکار بھی  کرونا وائرس میں مبتلا ہیں۔

ایران میں کرونا وائرس سے ہلاکتیں رکنے کا نام نہیں لے رہیں، گزشتہ 24 گھنٹوں میں ایران میں 85 افراد جان کی بازی ہار گئے جس سے کرونا سے ہلاکتوں کی ایران میں مجموعی تعداد 514 ہو گئی

ایرانی وزارت صحت کے مطابق ایران میں اب تک 11364 افراد کرونا سے متاثر ہوئے جس میں سے 514 ہلاک ہو گئے جبکہ 3259 مریض صحت یاب ہو گئے،ایرانی وزارت صحت کے ترجمان کیانوش جہارنپور نے جمعہ کے روز بتایا کہ ایران میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں کرونا وائرس سے متاثرہ 1289 نئے کیس سامنے آئے ہیں اور ملک میں اب تک مجموعی طور 11364 افراد کرونا وائرس کا شکار ہوگئے ہیں۔

ایران میں حکومتی ذمہ داران اور ارکان پارلیمنٹ میں کرونا وائرس کے انکشاف کا سلسلہ جاری ہے۔ تازہ ترین رپورٹس کے مطابق ایران کے وزیر صنعت رضا رحمانی اور وزیر سیاحت علی اصغر منسان بھی کرونا وائرس کے متاثرین کی فہرست میں شامل ہو گئے ہیں۔

ایرانی صدر حسن روحانی کے نائب اسحاق جہانگیری بھی کرونا کی زد میں آ گئے ہیں، وہ کئی دنوں سے اجلاس میں شرکت نہیں کر رہے تھے جس کی وجہ سے ان کے حوالہ سے چہ میگوئیاں جاری تھیں تا ہم اب تصدیق کر دی گئی ہے کہ اسحاق جہانگیری میں کرونا کی تشخیص ہوئی ہے.

قبل ازیں ایرانی پاسداران انقلاب کے ترجمان بریگیڈیر جنرل رمضان شریف نے اعلان کیا ہے کہ کرونا وائرس کے سبب پاسداران کے 5 اراکین ہلاک ہو چکے ہیں ، پاسداران کے ایک لاکھ سے زیادہ تربیت یافتہ اہل کار اس وقت کرونا وائرس کے انسداد کے میدان میں کام کر رہے ہیں

ایران میں کرونا وائرس سے متاثر ہونے والے سرکاری عہدے داران اور ذمے داران کی فہرست میں تازہ ترین نام محمد جواد ایروانی کا بھی ہے۔ ایروانی رہبر اعلی علی خامنہ ای کے دفتر میں اکاؤنٹس اینڈ کنٹرول کے ذمے دار ہیں

Shares: