کرونا وائرس،قومی سلامتی کمیٹی اجلاس میں نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی تشکیل،پہلا اجلاس کب ہو گا؟

باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق کرونا وائرس سے نمٹنے کے لئے قومی سلامتی کمیٹی نے نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی تشکیل دیدی ہے،

وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا ہے کہ قومی سلامتی کمیٹی اجلاس میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے کمیٹی تشکیل دی گئی ہے،اعلی سطحی کمیٹی میں متعلقہ وفاقی وزراء،وزراءاعلی ، این ڈی ایم اے کے چیئرمین ، سرجن جنرل آف پاکستان آرمی اور ڈی جی آئی ایس آئی ، آئی ایس پی آر اور ڈی جی ایم او کے نمائندے اس کمیٹی کے رکن ہونگے ،

اس کمیٹی کو یہ اختیار دیا گیا ہے کہ وہ کسی اور ادارے یا آفیشل کو شامل کرنا چاہے تو کرسکے جبکہ وزیر صحت کمیٹی کے کنوینیئر اور وفاقی سیکرٹری صحت اس کمیٹی کے سیکرٹری ہونگے ، اس کمیٹی کا پہلا اجلاس ہفتہ کی سہ پہر4بجے ہوگا ،اس کمیٹی کی تشکیل ضروری تھی،

ڈاکٹر ظفر مرزا کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں بروقت اور مناسب اقدامات کی بدولت خطے اور ہمسایہ ممالک کے حوالے سے پاکستان آخری ملک تھا جہاں کرونا وائرس رپورٹ ہوا ،ہمارے اردگرد چین ،ایران، افغانستان اور انڈیا ہے جو کہ متاثرہ ممالک ہیں ۔ دنیا میں پاکستان 48واں ملک تھا جس میں یہ کرونا وائرس کیس رپورٹ ہوا ، اس وقت پاکستان میں کرونا وائرس کے کنفرم 28کیسز ہیں۔ آج کے اجلاس میں انتہائی اہم فیصلے کیے گئے ،ان کا اثر قومی سطح پر ہوگا ،یہ فیصلے اصل میں ذمہ دار حکومت کا اظہار ہے جو عوام کو محفوظ رکھنے کے لئے کرتی ہیں .

ڈاکٹر ظفر مرزا کا مزید کہنا تھا کہ قومی سلامتی کمیٹی اجلاس کے دوران وزیراعظم عمران خان نے زور دیا اور تمام شرکاءکا بھی اتفاق تھا کہ ایک قومی صورتحال میں قومی سطح پر مشاورت کی ضرورت ہے ،اس حوالے سے یہ ضروری ہے کہ کوئی غلط فہمی نہ ہو تا کہ مل جل کر فیصلے کر کے فوری عمل درآمد کیا جائے ، این ڈی ایم اے مرکزی آپریشنل ایجنسی ہوگی ۔ کوآرڈینیشن کمیٹی دو ہفتوں کے بعد اجلاس میں جائزہ لے گی ،سرحدوں پر نظام کو موثر ،سیکریننگ یقینی بنائی جائے گی تا کہ متاثرہ لوگ پاکستان داخل نہ ہوسکیں ۔معاشی ضروریات کا تعین ہونے پر وفاقی حکومت این ڈی ایم اے کو فنڈز اور چیزیں فراہم کریگی جبکہ صوبائی حکومتیں پی ڈی ایم اے کو فراہم کریں گی

Shares: