ننکانہ: محکمہ صحت کا شرمناک کردار، 1200 کروناوارئر 2 سال سے معاوضے سے محروم

ننکانہ صاحب(باغی ٹی وی ،نامہ نگاراحسان اللہ ایاز کی رپورٹ)محکمہ صحت کی مالی بے ضابطگیاں، 1200 ملازمین کی کرونا ڈیوٹی رقم دو سال سے ادا نہ ہو سکی

تفصیل کے مطابق ننکانہ صاحب میں محکمہ صحت کے مالی معاملات میں سنگین بے ضابطگیاں سامنے آئی ہیں۔ دو سال گزرنے کے باوجود ریڈ کمپین تھری کرونا ویکسی نیشن کے دوران خدمات انجام دینے والے 1200 سے زائد ملازمین کو ان کی معاوضہ رقم ادا نہیں کی جا سکی۔ ڈی جی ہیلتھ پنجاب کے واضح احکامات کے باوجود سی ای او ہیلتھ ننکانہ صاحب کی جانب سے رقم کی منتقلی نہ ہونا سوالیہ نشان بن چکا ہے۔

ڈسٹرکٹ ایل ایچ ایس و ایل ایچ ڈبلیو کی صدر رخسانہ یاسمین نقوی نے انکشاف کیا کہ سی ای او ہیلتھ کے اکاؤنٹ میں رقم موجود ہونے کے باوجود اسے منتقل نہیں کیا جا رہا۔ ان کا کہنا تھا کہ وبا کے دوران پیرا میڈیکل سٹاف، رضاکاروں، اور دیگر عملے نے اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر خدمات سرانجام دیں، مگر دو سال گزرنے کے باوجود انہیں ان کا حق نہیں دیا گیا۔

رخسانہ نقوی نے بتایا کہ ڈی جی ہیلتھ پنجاب سے ملاقات کے بعد 22 اپریل 2024 کو دوبارہ احکامات جاری کیے گئے، لیکن اب تک کوئی پیش رفت نہ ہو سکی۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب، سیکرٹری ہیلتھ، اور دیگر اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا تاکہ ان ملازمین کو ان کا حق مل سکے اور مالی بے ضابطگیوں کا خاتمہ کیا جا سکے۔

Comments are closed.