راولپنڈی:آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل حسن اظہر حیات نے ضلع جنوبی وزیرستان کا دورہ کیا اور قبائلی عمائدین سے ملاقات کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کور کمانڈر نے مقامی لوگوں اور قبائلی عمائدین کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فوج کی ہر ممکن مدد اور علاقے میں امن و استحکام لانے والے دہشت گردوں کے نیٹ ورک اور انفراسٹرکچر کو ختم کرنے کی کوششوں پر خراج تحسین پیش کیا۔
قبائلی عمائدین نے سماجی اقتصادی ترقی کے لیے ماحول پیدا کرنے اور لوگوں اور علاقے کے تحفظ کو یقینی بنانے میں فوج کی قربانیوں اور کامیابیوں کو سراہا۔
مقامی لوگوں نے امن و امان کو برقرار رکھنے اور امن کے ثمرات حاصل کرنے کے لیے سیکورٹی فورسز کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے ہونے کا بھی عزم کیا ہے۔
ادھروزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ملکی سلامتی کی صورتحال سے متعلق اہم اجلاس ہوا، اجلاس میں سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ سمیت انٹیلی جنس اداروں کے سربراہان نے بھی شرکت کی۔
ذرائع کے مطابق قومی سلامتی کے اجلاس کے دوران وزیر دفاع، وزیر داخلہ، خارجہ امور کے وزراء نے بھی شرکت کی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں سوات کی صورتحال اور کالعدم تحریک طالبان سے مذاکرات سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور سکیورٹی اداروں نے اپنی سفارشات اجلاس میں پیش کیں۔
ذرائع کے مطابق اس کے علاوہ ایک اور اجلاس ہوا، اس اجلاس کی صدارت وزیراعظم شہباز شریف نے کی، اس اجلاس میں جنرل قمر جاوید باجوہ، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم، کور کمانڈر پشاور نے شرکت کی۔