اوچ شریف (باغی ٹی وی،نامہ نگارحبیب خان) جنگلات کی کٹائی میں ملوث،کرپٹ فاریسٹ گارڈ برطرف
تفصیلات کے مطابق محکمہ جنگلات نے کرپشن کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے ایک فاریسٹ گارڈ کو برطرف کر دیا ہے۔ ڈویژنل فاریسٹ آفیسر راجہ جاوید اقبال نے فاریسٹ گارڈ اصغر علی کو عہدے سے برطرف کرتے ہوئے محکمہ جنگلات رحیمیارخان رپورٹ کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔
گزشتہ روز عباسیہ مین کینال پر فاریسٹ گارڈ اصغر علی کی مبینہ آشیرباد سے درختوں کی کٹائی کا معاملہ سامنے آیا تھا۔ مقامی صحافی فاریسٹ گارڈ اور ان کے ساتھیوں کی اس واقعے کی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر وائرل کردی تھی۔ اس ویڈیو میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ فاریسٹ گارڈ خود درختوں کی کٹائی میں ملوث ہے۔
اس واقعے کی تحقیقات کے بعد ڈویژنل فاریسٹ آفیسر راجہ جاوید اقبال نے فاریسٹ گارڈ اصغر علی کو کرپشن اور عہدے کے ناجائز استعمال کے الزام میں برطرف کر دیا۔
ڈویژنل فاریسٹ آفیسر راجہ جاوید اقبال نے واضح کیا ہے کہ محکمہ جنگلات کرپشن اور غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف سخت کارروائی کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ جنگلات میں کرپٹ اور نااہل افراد کی کوئی جگہ نہیں ہے۔
مقامی لوگوں نے فاریسٹ گارڈ کی برطرفی کا خیرمقدم کیا ہے اور محکمہ جنگلات کی اس کارروائی کو سراہا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس سے جنگلات کی حفاظت میں مدد ملے گی۔