ڈیرہ غازیخان(باغی ٹی وی رپورٹ)بلین ٹری منصوبے کی ناکامی کے بعد، 15 فیصد کا ہدف، کیا یہ بھی کرپشن کے سونامی کا شکار ہوگا؟
تفصیل کے مطابق پنجاب حکومت نے 2035 تک جنگلات کی تعداد میں 15 فیصد اضافے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سے قبل پی ٹی آئی کے دورحکومت میں بلین ٹری پلانٹیشن کی مہم زوروشور سے چلائی گئی ، بلین ٹری پلانٹیشن منصوبہ میں ہونے والی کرپشن کی داستانیں مسلسل منظرعام پر آرہی ہیں
ایک حالیہ رپورٹ کے مطابق ڈیرہ غازی خان میں بلین ٹری پلانٹیشن کے نام پر بڑے پیمانے پر کرپشن ہوئی ہے۔ محکمہ جنگلات کے ذمہ داروں نے اس منصوبے میں کروڑوں روپے کاغبن کیا ہے، جس کے نتیجے میں لگائے گئے درخت خشک ہو چکے ہیں اور جنگلات کی حالت زار انتہائی خراب ہے۔
2000 سے 2001 کے دوران محکمہ جنگلات نے بڑے پیمانے پر درخت لگانے کا دعوی کیا تھا، لیکن ناقص دیکھ بھال اور انتظام کی کمی نے ان جنگلات کو اجاڑ دیا ہے
اس دوران جنگلات کی مناسب دیکھ بھال نہیں کی گئی، نرسریاں تباہ ہو گئیں، اور درخت کاٹے جانے لگے۔ کھالہ جات سسٹم بھی ختم ہو گیا، اور تالاب مکمل طور پر ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو گئے۔
مقامی لوگوں نے اس اسکینڈل پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کمشنر ڈیرہ غازی خان سے فوری تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ کرپٹ افسران نے بلین ٹری پلانٹیشن کے نام پر کروڑوں روپے ضائع کیے، جبکہ جنگلات کی حالت دگرگوں ہو گئی۔
عوام نے جنگلات کی بحالی کے لیے فوری اقدامات کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔محکمہ جنگلات کے حکام نے تاحال اس معاملے پر کوئی باضابطہ جواب نہیں دیا، جس سے عوام کی تشویش مزید بڑھ گئی ہے۔
اس سیکنڈل کے بارے میں اگر محکمہ جنگلات کے ارباب اختیار اپنا کوئی مؤقف یا وضاحت دینا چاہیں تو باغی ٹی وی ان کا مؤقف شائع کرے گا۔