مظفرآباد (باغی ٹی وی،نامہ نگار) حلقہ 7 پاہل کے گاؤں سنگھڑ شمالی سے گندیگراں تک جانے والی روڈ کی تعمیر عوام کے لیے مشکلات کا سبب بن گئی ہے۔ ضلع جہلم ویلی کے ٹھیکیدار فرید خان کو ایک کلومیٹر روڈ کی تعمیر کا ٹھیکہ دیا گیا تھا لیکن یہ منصوبہ صرف افتتاحی تختی لگانے تک محدود رہا۔ فرید خان نے یہ ٹھیکہ سب کنٹریکٹر چوہدری نزاکت ساکن نلئی کو دیا جنہوں نے مزید دو افراد سخاوت شاہ ساکن بلاسیٹھو اور چوہدری الطاف ساکن گندیگراں کو ذیلی ٹھیکے دے دیے۔
ابتدائی طور پر تعمیراتی کام جوش و خروش سے شروع ہوا اور سخاوت شاہ کے حصے میں سولنگ کا کام بہترین انداز میں مکمل ہوا۔ تاہم، چوہدری الطاف کے حصے میں آنے والا کام نہایت غیر معیاری رہا، جس نے روڈ کی حالت کو مزید بگاڑ دیا۔ پہلے جہاں جیپ اور دیگر گاڑیاں آسانی سے گزر سکتی تھیں، وہاں اب پیدل چلنا بھی مشکل ہو گیا ہے۔
چوہدری نزاکت کا کہنا ہے کہ مین کنٹریکٹر فرید خان کو فنڈز نہ ملنے کے باعث کام رکا ہوا ہے۔ اب جبکہ برفباری کا موسم قریب ہے، عوام کو مزید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ ناتجربہ کار اور ناقص کام کرنے والے افراد نے کروڑوں روپے کے اس منصوبے کو ناقابلِ عمل بنا دیا ہے اور ترقیاتی کام کہیں نظر نہیں آتا۔
علاقہ مکینوں نے مطالبہ کیا ہے کہ مقتدر حلقے فوری طور پر مداخلت کریں اور ٹھیکیدار فرید خان کو فنڈز فراہم کیے جائیں یا محکمہ لوکل گورنمنٹ خود اس منصوبے کی نگرانی کرے تاکہ روڈ کی تعمیر مکمل ہو سکے۔ حلقہ 7 کے وزیرِ تعلیم دیوان علی خان چغتائی کی کاوشوں سے آنے والے ترقیاتی منصوبے بدعنوانی کی نذر ہو جاتے ہیں اور عوام کے لیے مشکلات کا سبب بنتے جارہےہیں۔