لاہور:پنجاب میں پاکستان کی پہلی کاؤنٹر نارکوٹکس فورس کا قیام عمل میں آگیا-

وزیراعلیٰ مریم نواز نے پولیس ٹریننگ کالج چوہنگ میں کمیشننگ تقریب میں خصوصی شرکت کی،وزیراعلیٰ مریم نواز کو سی این ایف نے جنرل سلامی پیش کی، جس کے بعد کاؤنٹر نارکوٹکس فورس کے افسران اور جوانوں نے حلف اٹھایا مریم نواز نے کاؤنٹر نارکوٹکس ٹریننگ میں بہترین پرفارمنس پر افسروں اور جوانوں میں انعامات تقسیم کیے اس موقع پر انہوں نے آلات، ٹیکنالوجی اور گاڑیوں کا معائنہ کیا۔

تقریب میں وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کو ڈی جی سی این ایف بریگیڈیئر مظہر اقبال نے فورس کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی اور بتایا کہ پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس کے لیے پہلے فیز میں866 اسامیوں پر بھرتی کی گئی ہے پی سی این ایف کو تمام ڈویژنز میں فنکشنل کر دیا گیا ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیاکہ پہلے مرحلے میں پنجاب کی ہر ڈویژن میں سی این ایف کے اسٹیشنز اور ریجنل ڈائریکٹوریٹس قائم ہوچکے ہیں دوسرے مرحلے میں سی این ایف کا دائرہ کار ضلعی سطح تک بڑھایا جائے گا۔ بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ سی این ایف کے افسران اور جوانوں کو اے این ایف اکیڈمی راولپنڈی میں 12 ہفتوں کی پروفیشنل تربیت بھی دی گئی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ کاؤنٹر نارکوٹکس فورس پنجاب کی جیلوں اور تعلیمی اداروں میں منشیات کے خاتمے کے لیے کام کرے گی،سی این ایف کی صورت میں پنجاب کا مستقبل محفوظ نظر آ رہا ہے۔

Shares: