سیالکوٹ(بیوروچیف شاہدریاض) غیر قانونی ایل پی جی اور پیٹرول فروخت کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن
سیالکوٹ میں غیر قانونی ایل پی جی گیس کی ڈی کنڈنگ اور منی پیٹرول پمپس کے خلاف ایک بڑی کارروائی کی گئی ہے۔ اس کارروائی کے دوران 10 دکانداروں کو حراست میں لیا گیا، 6 کے خلاف مقدمات درج کیے گئے، اور 10 دکانوں کو سیل کر دیا گیا۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ایوب بخاری کی نگرانی میں سول ڈیفنس ڈیپارٹمنٹ نے یہ کارروائی کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ غیر قانونی طور پر ایل پی جی گیس کی فروخت ایک خطرناک جرم ہے اور ایسے عناصر کے خلاف بلا امتیاز قانونی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ جو افراد ایسے کاروبار میں ملوث ہیں، وہ فوری طور پر یہ کام چھوڑ دیں، ورنہ ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
یہ کارروائی شہریوں کی حفاظت اور غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف قانون کے اطلاق کو یقینی بنانے کے لیے کی گئی ہے۔ انتظامیہ نے عوام سے درخواست کی ہے کہ وہ ایسے غیر قانونی کاموں میں ملوث افراد کی اطلاع دیں۔