اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار: حبیب خان)ڈپٹی کمشنر بہاولپور ڈاکٹر فرحان فاروق کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس میں ایل پی جی گیس کی غیرقانونی ری فلنگ اور پبلک ٹرانسپورٹ میں اس کے خطرناک استعمال کے خلاف بھرپور اور فیصلہ کن کریک ڈاؤن کا اعلان کیا گیا ہے۔

اجلاس میں ڈسٹرکٹ امپلیمنٹیشن کمیٹی کے اراکین، سول ڈیفنس، محکمہ تعلیم، کالجز، موٹر وے، ٹریفک اور پٹرولنگ پولیس سمیت ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے افسران شریک ہوئے جبکہ تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔

ڈاکٹر فرحان فاروق نے کہا کہ غیرقانونی ری فلنگ نہ صرف قانون شکنی ہے بلکہ انسانی زندگیوں کے لیے مہلک خطرہ ہے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ ایسی تمام دکانوں اور پوائنٹس کے خلاف فوری اور مؤثر کارروائی کی جائے جو غیرقانونی طور پر ایل پی جی کی ڈی کینٹنگ میں ملوث ہیں۔

ڈپٹی کمشنر نے پبلک ٹرانسپورٹ میں ایل پی جی سلنڈر کے استعمال کو مکمل طور پر ناقابلِ قبول قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ اس حوالے سے کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی۔ اجلاس میں تمام اداروں کو باہمی تعاون کے ساتھ فیلڈ میں جا کر کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایات جاری کی گئیں۔

ڈاکٹر فرحان فاروق نے کہا کہ عوامی جان و مال کا تحفظ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، اور اس مہم میں عوام کا تعاون بھی نہایت اہم ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے اردگرد موجود غیرقانونی ری فلنگ پوائنٹس کی نشاندہی کریں تاکہ کسی بڑے حادثے سے پہلے اس خطرناک رجحان کا خاتمہ ممکن بنایا جا سکے۔

Shares: