اوچ شریف ،باغی ٹی وی(نامہ نگارحبیب خان) انسپکٹر جنرل نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس رفعت مختار کی ہدایات پر سیکٹر I، موٹروے ایم-5 پر اوور اسپیڈ گاڑیوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن جاری ہے۔
سیکٹر کمانڈر رانا سرفراز ناصر کے مطابق تیز رفتاری کرنے والے ڈرائیوروں پر جرمانے اور ایف آئی آر درج کی جائے گی۔ جدید آئی ٹی ایس سسٹم اور مینول کیمروں کے ذریعے گاڑیوں کی نگرانی کی جا رہی ہے، جبکہ تمام ٹول پلازہ جات اور سروس ایریاز میں بینرز بھی آویزاں کر دیے گئے ہیں تاکہ عوام کو آگاہی دی جا سکے۔
سیکٹر کمانڈر کا کہنا تھا کہ 150 کلومیٹر فی گھنٹہ کی حد سے تجاوز کرنے پر نہ صرف جرمانہ ہوگا بلکہ ایف آئی آر بھی درج کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اوور اسپیڈنگ سے نہ صرف ڈرائیور بلکہ دیگر مسافروں کی زندگیاں بھی خطرے میں پڑ جاتی ہیں، جو کہ کسی بڑے حادثے کا سبب بن سکتی ہیں۔
موٹروے پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ رفتار کی حد کا خیال رکھیں اور محفوظ سفر کو یقینی بنائیں۔