تونسہ:چشمہ رائٹ بنک کینال، سیلاب سے متاثرہ 30 میں سے 25 ڈسٹری بیوٹریاں بحال

تونسہ ،باغی ٹی وی (نامہ نگار) چشمہ رائٹ بنک کینال کے سیلاب سے متاثرہ حصے مرمت کر کے 30 میں سے 25 ڈسٹری بیوٹری بھی بحال کردی گئی ہیں۔باقی پانچ ڈسٹری بیوٹری کیلئے 15 روز کا وقت دیا گیا ہے۔سی آر بی سی کی مستقل بحالی کیلئے بھی 90 کروڑ روپے کا پی سی ون جمع کرادیا گیا۔کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن خالد منظور نے ڈپٹی کمشنر تونسہ محمد انور بریار کے ہمراہ سی آر بی سی کا دورہ کیا اور افسران سے بریفنگ لی۔کمشنرنے ضلع تونسہ کا دورہ کیا ،ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ رانا عبید الرشید،ڈپٹی ڈائریکٹر وسیم اختر جتوئی،ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت غلام محمد بزدار اور دیگر افسران ہمراہ تھے۔ایکسئین سی آر بی سی محسن شبیر نے بریفنگ دی۔حالیہ سیلاب سے چشمہ رائٹ بنک کو شدید نقصان پہنچا۔پنجاب حکومت نے اپنے زیر کنٹرول علاقہ میں سی آر بی سی کو بحال کرنے کا 90 فیصد کام مکمل کرلیا۔خیبر پختونخوا میں واپڈا کی طرف سے ابھی تک متاثرہ حصوں کی مرمت نہیں ہوسکی جس کی وجہ سے چشمہ رائٹ بنک کینال میں پانی نہیں چھوڑا جاسکا۔کمشنر نے کہا کہ صوبائی حکومت اور واپڈا کے ساتھ معاملہ اعلی سطح پر اٹھایا جائیگا۔سی آر بی سی سے خطہ میں دو لاکھ 75 ہزار ایکڑ اراضی سیراب ہوتی ہے۔پانی نہ ملنے سے کاشتکار پریشان ہیں۔کمشنر کو بتایا گیا کہ سی آر بی سی کی مستقل بحالی کیلئے 90 کروڑ روپے کا پی سی ون تیار کرکے بھیج دیا گیا ہے۔صوبہ خیبر پختونخوا میں سی آر بی سی کا 106 میل اور پنجاب میں 64 میل حصہ ہے۔کمشنر اور ڈپٹی کمشنر نے معائنہ کے دوران سی آر بی سی میں نہری پانی کی جلد فراہمی کیلئے ہرممکن اقدامات کی ہدایات جاری کیں۔

Leave a reply