![](https://baaghitv.com/wp-content/uploads/2021/11/WhatsApp-Image-2021-04-25-at-3.04.20-PM-1.jpeg)
پاکستان کی سینئیر اور لیجنڈری اداکارہ بشریٰ انصاری نے بھارتیوں کو پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ کرکٹ صرف کھیل ہے کوئی جنگ نہیں۔
باغی ٹی وی : بھارتی کرکٹ ٹیم ٹی 20 ورلڈ کپ میں اچھی کارکردگی نا دکھانے پر ورلڈ کپ سے باہر ہوگئی ہے جس کی وجہ سے بھارتی شائقین اپنی ہی ٹیم کو شدید تنقید کا نشانہ بنارہے ہیں جس کے بعد پاکستانی سینئیر اداکارہ بشریٰ انصاری نے بھارتی عوام کے لئے پیغام جاری کیا ہے-
گزشتہ روز بشریٰ انصاری نے بھارتی ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی کی ایک تصویر انسٹاگرام پر شیئر کرتے ہوئے بھارتیوں کو پیغام دیا ’’ہیلو انڈیا براہ مہربانی پرسکون رہیں اور ویرات کوہلی پر دباؤ نہ ڈالیں یہ صرف ایک گیم ہے کوئی جنگ نہیں۔
انہوں نے مزید لکھا کرکٹرز بھی انسان ہوتے ہیں کوئی روبوٹ نہیں لہذا مہربانی کرکے انہیں اپنے ملک میں فراخدلی کے ساتھ خوش آمدید کہیں اور ان کا خیر مقدم کریں‘‘۔
واضح رہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ نے اوپننگ بیٹر روہت شرما کو ٹیم کا کپتان مقرر کر دیا ہے جب کہ سابق کپتان ویرات کوہلی کو ٹیم سے بھی باہر کر دیا گیا ہے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے بعد بھارت اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے مابین ٹی 20 سیریز کھیلی جانے ہے جس کے لیے کے ایل راہول کو نائب کپتان مقرر کیا گیا ہےبھارتی کپتان ویرات کوہلی نے اعلان کر رکھا تھا کہ وہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے بعد ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی قیادت چھوڑ دیں گے۔