ڈیرہ غازیخان: ٹیچنگ ہسپتال میں سروس ڈیلوری کا بحران، مریض شدید مشکلات کا شکار
ڈیرہ غازیخان(باغی ٹی وی رپورٹ) ٹیچنگ ہسپتال میں سروس ڈیلوری کا بحران، مریض شدید مشکلات کا شکار
تفصیلات کے مطابق ڈیرہ غازیخان کے ٹیچنگ ہسپتال میں علاج کروانا مریضوں کے لیے ایک بڑا امتحان بن گیا ہے۔ ہسپتال میں بے ترتیبی، اقربا پروری اور سفارش کلچر نے عام لوگوں کی زندگی کو مشکل بنا دیا ہے، ٹیچنگ ہسپتال میں سروس ڈیلوری کی حالت دگرگوں ہوچکی ہے، جس کے باعث مریضوں اور ان کے لواحقین کو گھنٹوں مشکلات کا سامنا ہے۔
بیڈ گورننس اور سفارش کلچر کی وجہ سے ہسپتال میں مریضوں کا علاج مشکل ہوگیا ہے اور سسٹم میں موجود بدعنوانیوں نے مریضوں کی زندگی کو مزید مشکلات میں ڈال دیا ہے۔ہسپتال میں پرچی لائن میں مریضوں کو دو سے تین گھنٹے تک انتظار کرنا پڑتا ہے۔ مریض جب اپنی باری پر پرچی کاؤنٹر پر پہنچتے ہیں تو کئی بار انہیں انتظار کے باوجود اپنی باری کے بجائے کسی سیکیورٹی گارڈ، نرس یا چپڑاسی کے ذریعے مخصوص افراد کی پرچیاں تیار ہوتے دیکھنا پڑتا ہے جو بغیر کسی اصول کے فوراََ علاج کرانے میں کامیاب ہوجاتے ہیں۔ جبکہ مریض جو اپنی باری کے منتظر ہوتے ہیں انہیں نظرانداز کر دیا جاتا ہے اور اگر وہ میرٹ کی بات کرتے ہیں تو انہیں بے عزتی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
پرچی کے حصول کے بعد مریضوں کو ڈاکٹر کے پاس جانے کے لیے مزید گھنٹوں کا انتظار کرنا پڑتا ہے۔ اس کے بعد ڈاکٹر کی جانب سے دی جانے والی دوائی لینے کے لیے مریضوں کو فارمیسی میں بھی طویل لائنوں کا سامنا ہوتا ہے جہاں کچھ دوائیاں فراہم کی جاتی ہیں لیکن باقی کا کہاجاتا ہے کہ وہ بازار سے خریدنی ہوں گی۔ اس ساری صورتحال کی وجہ سے عوام کا اعتماد حکومتی نظام پر سے اٹھ چکا ہے۔
یہ خبر بھی پڑھیں
ڈیرہ غازی خان: ٹیچنگ ہسپتال میں ملنے والے کٹے سر کا معمہ حل نہ ہوسکا، سیکیورٹی اہلکار کہاں لے گئے؟
ڈیرہ غازیخان:ٹیچنگ ہسپتال میں آپریشن کے بعد انفیکشنزمیں خطرناک اضافہ،مریض مرنے لگے
منتخب عوامی نمائندے اور ضلعی انتظامیہ صرف فوٹوشو ٹ و پروٹوکول انجوائے کر رہے ہیں اور ہسپتال کی حقیقت سے مکمل طور پر بے خبر ہیں۔ ناقص نگرانی اور غیر مؤثر اقدامات کے باعث تمام وسائل دستیاب ہونے کے باوجود مطلوبہ نتائج حاصل نہیں ہو رہے۔ہروقت میڈیا میں نظرآنے کی شوقین ہسپتال انتظامیہ کی نااہلی کی وجہ سے عوامی سطح پر شدید مایوسی اور غم و غصہ پایا جا رہا ہےاور اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو اس سے ہسپتال کے نظام پر مزید منفی اثرات مرتب ہوں گے۔
اس بدانتظامی کے باعث شہریوں نے وزیراعلی پنجاب محترمہ مریم نواز شریف سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ علامہ اقبال ٹیچنگ ہسپتال کی سروس ڈیلوری میں بہتری لائی جا سکے اور مریضوں کو بہتر علاج کی سہولت فراہم کی جا سکے۔